اسلام آباد ۔ 2 اپریل (سیاست ڈا ٹ کام) ہندوستان سے اپنی واپسی کے ایک روز بعد پاکستانی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) جو پٹھان کوٹ حملہ کی انکوائری کررہی ہے، اس نے دعویٰ کیا کہ ہندوستانی حکام یہ ثابت کرنے میں ’’ناکام‘‘ ہوگئے کہ پاکستان نشین دہشت گردوں نے ہندوستانی فضائیہ (آئی اے ایف) کے اڈہ پر ہلہ کیا تھا، یہاں میڈیا کی ایک رپورٹ میں آج یہ بات کہی گئی۔ ’جیو نیوز‘ کے حوالے سے جے آئی ٹی کے قریبی ذرائع نے کہا کہ پاکستانی تحقیقات کاروں کو ہندوستان میں ملٹری ایئربیس میں اصل باب الداخلہ کی بجائے اس سے متصل تنگ راستوں سے لے جایا گیا اور ان کے دورہ کا وقت محض 55 منٹ رہا، جو اس ملٹری سنٹر میں پیدل جائیں تو صَرف ہو جاتا ہے۔ اس رپورٹ نے ذرائع کے حوالے سے کہا کہ اس محدود وقت میں جے آئی ٹی ثبوت اکٹھا نہیں کرسکی۔ جے آئی ٹی ارکان نے 29 مارچ کو پٹھان کوٹ اڈہ کا دورہ کیا، جہاں قومی تحقیقاتی ادارہ (این آئی اے) کے عہدیداروں نے انھیں بریفنگ دی۔