ہندوستان تمام مذاہب کا گلدستہ، قومی یکجہتی اہم عنصر

قومی ہم آہنگی و امن پر اسکولی طلبہ کیلئے احاطہ سیاست میں تحریری مقابلے
حیدرآباد۔ 7 ستمبر (سیاست نیوز) ہندوستان ایک ایسا ملک ہے جو مختلف مذاہب کا گلدستہ ہے، اس میں ہندو، مسلم، سکھ، عیسائی، جین ، پارسی سب رہتے بستے ہیں۔ ان میں آپسی بھائی چارگی ، اتحاد اور امن موجود ہے اور ترقی کا ستون ہے۔ قومی سطح پر مرکزی وزارت داخلہ کے تحت نیشنل فاؤنڈیشن فار کمیونل ہارمونی ہے، اس کے اشتراک سے قومی یکجہتی کو فروغ دینے نئی نسل کو قومی ہم آہنگی سے واقف کرانے کیلئے محبوب حسین جگر ہال احاطہ روزنامہ سیاست، عابڈز پر ادارۂ سیاست نے تحریری مقابلہ کیا جس میں دونوں شہر حیدرآباد و سکندرآباد کے مختلف اسکولس کے طلباء و طالبات نے حصہ لیا۔ سنٹرل بورڈ کے کیندریہ ودیالیہ، آئی سی ایس سی کے مکرم جاہ اسکول، گیتانجلی اسکول اور سینٹ ائنس، آل سینٹس، میسکو گریڈ، گورنمنٹ اسکولس کے طلبہ نے انگریزی، ہندی اور اُردو زبان میں مضامین برسرموقع تحریر کئے۔ کنوینر مقابلہ و کریر کونسلر مسٹر ایم اے حمید نے نگرانی کی اور تمام تحریری مقابلہ کا معائنہ کیا۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست، نیشنل فاؤنڈیشن آف کمیونل ہارمونی وزارت داخلہ حکومت ِ ہند کے ایک لاکھ روپئے مالیتی انعامات طلبہ کو دیئے جائیں گے اور ایسے مقابلے مختلف اسکولس میں منعقد کئے جائیں گے۔ نتائج کا متعاقب اعلان کیا جائے گا۔ آج کے مقابلہ میں طلبہ نے جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔ محمد معید اور طاہر پاشاہ قادری نے معاونت کی۔