’’ہندوستان ترقی کے مواقع کا براعظم‘‘

اُبھرتی منڈیوں میں نائجیریا اور روانڈا شامل : جی ایس ایم اے
بارسلونا ۔23 فبروری۔(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نہ صرف ایک ملک ہے بلکہ مارکٹ کے تنوع اور ترقی کے مواقع کے معاملے میں ایک براعظم کی نمائندگی کرتا ہے ، گلوبل ٹیلیکام انڈسٹری کے ادارے جی ایس ایم اسوسی ایشن کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے یہ بات کہی۔ جی ایس ایم اے ڈائرکٹر جنرل میاٹ گران ریڈ نے کہاکہ اُبھرتی منڈیوں میں ترقی یافتہ مارکٹس بھی شامل ہیں جیسے جنوبی افریقہ اور شمالی افریقہ میں نائجیریا ، اسی طرح افریقی ملکوں میں روانڈا بھی پیشرفت کررہا ہے لیکن ہندوستانی مارکٹ اپنے آپ میں کسی براعظم سے کم نہیں ۔ وہاں آپ کو دہلی ، ممبئی ، حیدرآباد اور بنگلورو جیسے شہروں میں بہت بڑی منڈیاں مل جائیں گی اور اُس کے علاوہ بہار جیسی ریاست کے بعض حصوں میں بھی ٹیلیکام انڈسٹری تیزی سے پھیل رہی ہے۔ گران ریڈ یہاں موبائیل ورلڈ کانگریس 2019 ء کے موقع پر نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو انٹرویو دے رہے تھے ۔ انھوں نے ریمارک کیا کہ اگر آپ واقع اڈوانسڈ مارکٹ چاہتے ہیں تو امریکہ کا رُخ کریں ، بڑے پیمانے کی مارکٹ چین ہے ۔ ہندوستان شاید ان دونوں کا امتزاج ہے ۔