ای وی ایمس بی جے پی کو ووٹ دے رہے تھے، بدایوں میں وزیراثرانداز : اکھیلیش
لکھنؤ ۔ 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سماج وادی پارٹی کے صدر اکھیلیش یادو نے منگل کو الزام عائد کیا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینس (ای وی ایمس) غلط طریقہ سے کام کررہے ہیں یا پھر ’’بی جے پی کو ووٹ دے رہے ہیں‘‘ ملک بھر میں اس قسم کے واقعات پیش آرہے ہیں جنہیں انہوں نے ’’مجرمانہ غفلت‘‘ قرار دیا۔ اکھیلیش نے الیکشن کمیشن کو ٹیگ کرتے ہوئے اپنے ایک ٹوئیٹ میں لکھا کہ ’’ملک بھر میں ای وی ایمس غلط اور پُرنقص انداز میں کام کررہے ہیں یا پھر بی جے پی کو ووٹ دے رہے ہیں۔ ڈی ایم (ڈسٹرکٹ مجسٹریٹس) کہہ رہے ہیں کہ پولنگ افسران ان ای وی ایمس کے استعمال کے معاملہ میں غیر تربیت یافتہ ہیں۔ 350 سے زائد (ای وی ایمس) تبدیل کئے گئے ہیں۔ یہ اس انتخابی عمل میں مجرمانہ غفلت ہے جس پر 50,000 کروڑ روپئے خرچ کئے گئے ہیں‘‘۔ اکھیلیش یادو نے مزید لکھا کہ ’’کیا ہم ڈی ایمس کی اس وضاحت کو قبول کرلیں گے یا پھر اس سے بھی بدترین اور کچھ حقائق ہیں۔ اکھیلیش یادو نے سیفائی (ایٹاواہ) میں ووٹ ڈالنے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کو چاہئے کہ بدایوں اور رامپور میں بھی ای وی ایمس کی غیرمؤثر کارکردگی کی اطلاعات و شکایات کا ازخود نوٹ لیتے ہوئے مناسب کارروائی کرے‘‘۔ اکھیلیش نے سوال کیا کہ ’’مجھے اطلاع ملی ہیکہ ایک ریاستی وزیر رائے دہی کے عمل پر اثرانداز ہونے کیلئے بدایوں میں کیمپ کئے ہوئے ہیں جہاں سے ان کی بیٹی مقابلہ کررہی ہیں۔ افسرن نے کہا ہیکہ عہدیداروں کو مناسب تربیت نہ ہونے کے سبب ای وی ایمس ٹھیک انداز میں نہی استعمال کئے جارہے ہیں۔ کیا یہی ڈیجیٹل انڈیا ہے جس کا حکومت نے وعدہ کیا تھا؟۔ انہوں نے کہا کہ ’’مین پوری سے نیتاجی (ملائم سنگھ یادو) ریکارڈ اکثریت سے منتخب ہوں گے۔ فیض آباد کے بارے میں جہاں سے ان کے چچا شیوپال یادو ایس پی کے اصل امیدوار اکشے یادو کے خلاف مقابلہ کررہے ہیں۔ اکھیلیش نے کہا کہ اکشے پورے آرام سے جیت جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تیسرے مرحلے میں بی جے پی اور اس کی حلیفوں کو شکست کا مزہ چکھنا پڑے گا کیونکہ بی جے پی کے خلاف عوام اپنا ذہن بنا چکے ہیں۔ اس دوران ایس پی کے ایک وفد نے چیف الیکٹورل آفیسر ایل وینکٹیشورلو سے ملاقات کرتے ہوئے رامپور میں ای وی ایمس کی کارکردگی میں بے قاعدگیوں کا الزام عائد کیا اور بدایوں میں یوپی کے ایک وزیر کے مبینہ رول کے خلاف شکایت کی۔