انکم ٹیکس فارم پر نظر ثانی سے وزیر فینانس ارون جیٹلی کا اتفاق ‘ وزیر تجارت نرملا سیتا رمن کا بیان
وجئے واڑہ 26 اپریل ( پی ٹی آئی ) ہندوستان سال 2014 – 15 کے دوران 340 بلین ڈالرس کے ایکسپورٹس نشانہ کو پورا کرنے میں ناکام رہا ہے کیونکہ کئی ملکوں میں معاشی سست روی رہی ہے ۔ وزیر تجارت و صنعت نرملا سیتارامن نے آج یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر فینانس ارون جیٹلی نے اس بات سے بھی اتفاق کیا ہے کہ 14 صفحات پر مشتمل انکم ٹیکس ریٹرن فارم پر نظرثانی کی جائیگی ۔ نرملا سیتا رامن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ سال معاشی سست روی کی وجہ سے اور ٹارگٹ مارکٹوں میں انحطاط کی وجہ سے ہم ایکسپورٹس کے نشانہ کو پورا نہیں کرسکے ۔ یہ مارکٹیں ہنوز 2007 – 08 کے معاشی بحران سے پوری طرح باہر آنے میں کامیاب نہیں ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مستقبل کی ضروریات کی تکمیل کرنے کا اہلیت رکھتے ہیںاور اس سلسلہ میں کئی اقدامات بھی کئے جا رہے ہیں۔ ایک یا دو نئی مارکٹوں کی دریافت سے ہماری ایکسپورٹس طلب میں بھی مزید اضافہ ہوگا ۔ انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے اعتراف کیا کہ نئی تجارتی پالیسی کی تیاری میں ایک سال کی تاخیر ہوگئی ہے ۔ انکم ٹیکس ریٹرن فارم کے تعلق سے انہوں نے کہا کہ وزیر فینانس مسٹر ارون جیٹلی نے اس بات سے اتفاق کرلیا ہے کہ اس پر از سر نو غور کیا جائیگا تاکہ اسے ٹیکس دہندگان کیلئے مزید سہل بنایا جاسکے ۔ اس فارم کو فی الحال روکے رکھا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس حکام نے اسسمنٹ سال 2015 – 16 کیلئے فارم میں کئی اضافے کئے ہیں تاکہ بیرونی سفر ‘ بیرونی اثاثہ جات اور ملک کے باہر دوسرے ذرائع سے آمدنی کے تعلق سے تفصیلات حاصل کی جاسکیں۔ ہندوستان میں تمام بینک کھاتوں کی تفصیلات بھی اس فارم کے ذریعہ طلب کی جائیں گی ۔ نرملا سیتارامن نے اس بات کا اعادہ بھی کیا کہ مرکزی حکومت آندھرا پردیش کو خصوصی موقف فراہم کرنے کے عہد کی پابند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے پہلے ہی ریاست کیلئے 6,701.39 کروڑ روپئے منظور کردئے ہیں تاکہ اس کے مالیہ خسارہ کو پورا کیا جاسکے ۔ اس بات کا تنظیم جدید آندھرا پردیش بل میں وعدہ کیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت ‘ آندھرا پردیش کو خصوصی موقف دینے سے قبل اس کی ترقی کیلئے ایک جامع منصوبہ تیار کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی زمرہ دینے سے قبل انفرا اسٹرکچر کی تیاری صنعتوں کو راغب کرنے کیلئے زیادہ اہمیت کی حامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزارت تجارت کی جانب سے بھی انفرا اسٹرکچر ترقی کو یقینی بنانے اقدامات کئے جائیں گے ۔ ایشین ڈیولپمنٹ بینک نے وشاکھاپٹنم ۔ چینائی صنعتی راہداری کے تعلق سے اپنی رپورٹ بھی پیش کردی ہے ۔ اس راہدی کو یقینی بنانے کیلئے بہت جلد کام شروع کردیا جائیگا ۔