ہندوستان اور چین کی جوڑی ممکن : سفیرچین برائے ہند

نئی دہلی ۔ 4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور چین دونوں کیلئے رفاعی مقصد ایک ہی ہے اور وہ دفاعی ترقی ہے۔ سفیرچین برائے ہندوستان لی یو چینگ نے کہا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کو فائدہ پہنچا سکتے ہیں اور دونوں کا باہمی تعاون و اشتراک ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور چین سرگرمی کے ساتھ آئندہ چند ماہ میں وزیراعظم نریندر کے دورہ کے انتظامات کررہے ہیں۔ وہ اس دورہ کے بے چینی سے منتظر ہیں اور انہیں اس کی کامیابی کا یقین ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال ہند ۔ چین تعلقات کے عروج کا سال ثابت ہوگا۔ وہ ایک استقبالیہ تقریب سے خطاب کررہے تھے جو کل رات دیر گئے چین کے نئے سال کے استقبال کیلئے منعقد کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ نئی ابھرتی ہوئی منڈیوں میں چین اور ہندوستان ایک اہم دور سے گذر رہے ہیں اور اپنے اپنے قومی احیاء کے منتظر ہیں۔ لی نے کہا کہ ترقی دونوں ممالک کا مشترکہ دفاعی مقصد ہے تاکہ اپنے اپنے عوام کو بہتر زندگی فراہم کی جاسکے۔