ہندوستان اور چین کو نیپال سے مشورہ کرنا چاہئے تھا : سیتارام یچوری

کھٹمنڈو ۔ 10 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور چین کو نیپال سے مشاورت کرنی چاہئے تھی، کہ کیا وہ اس بات سے اتفاق کرتا ہیکہ سرحدی تجارت میں اضافہ کیا جائے۔ نیپال سے قریبی علاقہ میں سرحدی تجارت ہوتی ہے۔ سی پی آئی ایم کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری نے یہ تبصرہ اخباری نمائندوں سے بات چیت کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک دن قبل نیپالی پارلیمنٹ نے اس معاہدہ پر ہندوستان اور چین کے وزرائے اعظم کے گذشتہ ماہ بیجنگ میں دستخط پر سخت اعتراض کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور چین کو چاہئے تھا کہ معاہدہ پر پیشرفت کرنے سے پہلے اپنے پڑوسی ملک نیپال سے مشورہ کرلیتے ۔

سیتارام یچوری کا دورۂ نیپال
زلزلہ متاثرین کیلئے خطیر رقمی عطیہ
کٹھمنڈو 10 جون (سیاست ڈاٹ کام) سی پی آئی (ایم) جنرل سکریٹری سیتارام یچوری نے نیپال پرائم منسٹرس ڈیساسٹر ریلیف فنڈ میں 3 کروڑ 25 لاکھ روپئے کا عطیہ دیا ہے۔ یاد رہے کہ نیپال میں آئے ہلاکت خیز زلزلہ کے بعد متاثرین کی امداد کے لئے دنیا بھر سے امداد کا سلسلہ جاری ہے اور سیتارام یچوری نے بھی امدادی رقم عوام سے اپیلیں کرتے ہوئے جمع کی ہیں۔ سیتارام یچوری کل ہی دو روزہ خانگی دورہ پر یہاں پہنچے اور وزیراعظم سشیل کوئرالا سے اُن کی سرکاری رہائش گاہ پر ملاقات کرتے ہوئے مذکورہ رقم کا چیک اُن کے حوالے کیا جس کی مالیت نیپالی روپیوں میں 5 کروڑ 20 لاکھ روپئے ہوتی ہے۔ اس موقع پر سیتارام یچوری نے کہاکہ اُنھوں نے ہندوستانی عوام سے یہ رقم حاصل کی ہے تاکہ نیپال میں زلزلہ متاثرین کی زیادہ سے زیادہ امداد کی جاسکے۔