ہندوستان اور پاکستان ، افغانستان میں اہم حلیف: امریکہ

واشنگٹن 20 فروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے کہاکہ ہندوستان اورپاکستان دونوں جنگ زدہ افغانستان میں امن اور استحکام کی بحالی کے لئے اُس کے اہم حلیف ممالک ہیں۔ محکمہ خارجہ امریکہ کی نائب ترجمان ماری وھارف نے کہاکہ امریکہ افغانستان زیرقیادت سمجھوتہ کی کوششوں میں پاکستان کے کردار کی ستائش کرتا ہے۔ پاکستان واضح طور پر ایک محفوظ اور مستحکم افغانستان کی تائید میں امریکہ کا اہم شراکت دار ہے۔ اِس علاقہ کی اہمیت ہندوستان اور پاکستان دونوں ممالک کے لئے یکساں طور پر اہم ہے اور امریکہ کے لئے اِن دونوں ممالک کی تائید مساوی اہمیت رکھتی ہے۔ پاکستان کی صیانتی صورتحال کے بارے میں سوال پر اُنھوں نے کہاکہ وہاں دہشت گردی کا خطرہ ہنوز برقرار ہے۔

بنگلہ دیش کے بلدی انتخابات میں
بی این پی سرفہرست
ڈھاکہ 20 فروری (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کی زیرقیادت بی این پی 79 ذیلی اضلاع میں سے 43 کے اہم مجالس مقامی کے انتخابات میں کامیاب رہی۔ بلدی انتخابات عام انتخابات کے 6 ماہ بعد منعقد کئے گئے۔ جبکہ عام انتخابات کا اپوزیشن پارٹی نے بائیکاٹ کیا تھا۔ غیرسرکاری نتائج کے بموجب بی این پی کے امیدواروں نے 43 ذیلی اضلاع میں کامیابی حاصل کی جبکہ عوامی لیگ نے 34 نشستیں حاصل کیں۔