ہندوستان اور ویتنام بھی امریکی قیادت کیلئے بے قرار : جندال

واشنگٹن ۔ 7 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ری پبلکن صدارتی امیدوار بابی جندال ایسا معلوم ہوتا ہے کہ صدر امریکہ بارک اوباما کے پیچھے ہاتھ دھوکر پڑ گئے ہیں۔ انہوں نے ایک بار پھر اوباما انتظامیہ کی خارجہ پالیسی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ غیرجانبدار ممالک جیسے ہندوستان اور ویتنام بھی امریکی قیادت کے لئے بے چین و بے قرار ہیں۔ 44 سالہ جندال نے فاکس نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نہ صرف اپنے حلیف ممالک جیسے جاپان، جنوبی کوریا اور تائیوان کے ساتھ کام کریں گے بلکہ ہم غیرجانبدار ممالک ہندوستان اور ویتنام کے ساتھ بھی کام کرنے کے خواہاں ہیں جو امریکی قیادت کے حصول کیلئے بے چین و بے قرار ہیں۔ بابی جندال نے گذشتہ ماہ 2016ء میں منعقد شدنی امریکی صدارتی انتخابات لڑنے کا اعلان کیا تھا، ان سوالوں کا جواب دے رہے تھے جہاں ان سے پوچھا گیا تھا کہ مشرق وسطیٰ کو دولت اسلامیہ سے درپیش چیلنجز سے آخر کس طرح نمٹا جاسکتا ہے؟