جالندھر۔ یکم مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور عمان کی جانب سے ہماچل پردیش کے بکھلو میں 6 مارچ سے مشترکہ فوجی مشقوں کا اہتمام کیا جارہا ہے جسے ’’ال نقب۔II 2017‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ دفاعی ترجمان نے بتایا کہ دونوں ممالک کے مابین یہ دوسری مشترکہ فوجی مشق ہوگی۔ اس سے پہلے جنوری 2015ء میں عمان میں فوجی مشق کا اہتمام کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ باہمی فوجی تعاون میں اضافہ اور صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانا اس کا مقصد ہے۔ ایک اندازے کے مطابق دونوں ممالک سے 60 فوجی اس میں حصہ لیں گے۔ 14 دن تک یہ مشق جاری رہے گی۔