وکٹوریہ ۔ 11 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) حکمت عملی کے حامل بحرہند میں اپنے رول کو وسعت دینے کے مقصد سے ہندوستان نے جزیرہ نما ملک سشیلس کی مدد کیلئے وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ کے موقع پر چار اہم سمجھوتوں پر دستخط کیا۔ مسٹر مودی نے اس جزیرہ نما ملک کے ساتھ سیکوریٹی کے شعبہ میں تعاون کے فروغ کیلئے ساحلی جاسوس راڈر پراجکٹ کا افتتاح کیا۔ وزیراعظم مودی نے سشیلس کو دوسرا ڈرونیٹر طیارہ دینے کے علاوہ اس کے شہریوں کو تین ماہ کیلئے مفت ویزے دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ ان شہریوں کو ہندوستانی ایرپورٹس پر آمد کے موقع پر ویزا دیا جائے گا۔ مسٹر مودی نے میزبان ملک کے صدر جیمس الیکس مائیکل سے دوبدو اور وفد کی سطح پر ملاقات کی۔ دونوں قائدین نے بحرہند کے علاقہ میں جامع تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ گذشتہ 34 سال کے دوران سشیلس کا دورہ کرنے والے مودی ہندوستان کے پہلے وزیراعظم بھی ہیں، جو تین ملکی دورہ کے پہلے مرحلہ کے تحت گذشتہ روز یہاں پہنچے تھے۔ انہوں نے ’’ایک مزید سرگرم اور فائدہ بخش بحرہندروم اسوسی ایشن کیلئے ہم نے مکمل تعاون کی پیشکش کی ہے‘‘۔
انہوں نے ساحلی جاسوسی و نگرانی کے راڈر پراجکٹ کا افتتاح کیا اور اس پراجکٹ کو دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کی مزید ایک علامت قرار دیا۔ بحرہند پر چین کی بڑھتی ہوئی توجہ کے درمیان ہندوستان اب سشیلس، ماریشیس اور سری لنکا جیسے جزیرہ نما ملکوں کو ممکنہ مدد فراہم کرتے ہوئے اپن رول کو وسعت دینا چاہتا ہے۔ چین اپنے انفراسٹرکچر پراجکٹوں کے ذریعہ ان ملکوں میں اپنی رسائی بڑھا رہا ہے، جس پر ہندوستان چراغ پا ہورہا ہے۔ ہندوستان کا پہلا ساحلی نگرانی راڈر سشیلس کے دارالحکومت ماہے میں قائم کیا جارہا ہے۔ مسٹر مودی نے کہا کہ ہائیڈو گرافک سروے پر ہمارے سمجھوتہ نے بحری تعاون کو ایک نیا زاویہ دیا ہے۔ ہندوستان پر اظہاراعتماد کیلئے میں سشیلس کا شکریہ ادا کرتا ہوں‘‘۔ مسٹر مودی نے مزید کہا کہ ’’سشیلس کے ساتھ اس کی سیکوریٹی صلاحیتوں میں اضافہ کیلئے ساجھیداری ہندوستان کیلئے ایک اعزاز ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ سشیلس کو اس کے خوبصورت جزائر کی بازیابی میں ہندوستان بھرپور مدد کرے گا۔
وزیراعظم مودی نے کہا کہ صدر مائیکل سے ان کی بات چیت بامقصد رہی۔ یہ دورہ اگرچہ مختصر تھا لیکن بحرہند کے علاقہ میں یہ ان کا پہلا دورہ بھی ہے۔ اس ملک کے غیرمعمولی تپاک اور میزبانی سے وہ کافی متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہندوستان کی طرف سے قرض اور امداد کے طور پر دیئے گئے 75 ملین امریکی ڈالر سے سشیلس جلد اور مؤثر استفادہ کرے گا۔ مسٹر مودی نے سشیلس کے صدر مائیکل کو دورہ ہند کی دعوت دی، جس کو انہوں نے فوری قبول کرلیا۔ وفد کی سطح پر دونوں قائدین کی بات چیت کے موقع پر معتمدخارجہ جئے شنکر، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول اور دوسرے موجود تھے۔ خوبصورت جزیرہ نما ملک سشیلس کی آبادی 90,000 نفوس پر مشتمل ہے جن میں 10 فیصد ہندوستانی نژاد افراد ہیں۔