ہندوستان اور بھوٹان کے مابین باہمی روابط ’مثالی‘

تھمپو 8 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے ہندوستان اور بھوٹان کے روابط کو مثالی قرار دیا جہاں دونوں ممالک ایک دوسرے کے مفادات اور تشویش کے معاملہ میں پاس و لحاظ رکھا کرتے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ دونوں ممالک مجوزہ سارک چوٹی اجلاس کو تعمیری بات چیت جاری رکھتے ہوئے نتیجہ خیز بناسکتے ہیں۔ صدرجمہوریہ نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے دونوں ممالک پر سارک میں اپنا اہم رول نبھانے پر زور دیا تاکہ علاقہ میں ترقی ہوسکے اور ساتھ ہی عالمی امن، سلامتی اور فروغ میں مدد ملے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہندوستان اور بھوٹان کو اپنی ذمہ داری قبول کرنی چاہئے۔ وہ سارک میں کلیدی رول ادا کرتے ہوئے علاقہ میں بہتری لاسکتے ہیں۔ صدرجمہوریہ دو روزہ بھوٹان کے دورہ پر ہیں اور آج آخری دن اُنھوں نے کئی ہندوستانی اسپانسر کردہ پروگرامس کا افتتاح کیا۔ کسی ہندوستانی صدر کا گزشتہ 26 سال کے دوران یہ پہلا دورہ بھوٹان ہے۔ اُنھوں نے آج کنونشن سنٹر میں سرکردہ اہم شخصیتوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کٹھمنڈو میں ہونے والا سارک چوٹی اجلاس انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ہندوستان اور بھوٹان ملکر تعمیری مذاکرات کے ذریعہ اسے نتیجہ خیز بناسکتے ہیں۔ وزیراعظم بھوٹان شیرنگ توبگے اپنے کابینی رفقاء کے ہمراہ اس پروگرام میں شریک تھے۔ جہاں صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے اسکول اصلاحات پراجکٹ،546 کیلو میٹر طویل ڈبل لین روڈ پراجکٹ اور ہندوستانی امداد کے ذریعہ ترقی دیئے جانے والے سنٹرل اسکول کا سنگ بنیاد رکھا۔ آئی آئی ایم احمدآباد اور رائل سیول سرویس کمیشن بھوٹان کے مابین تین اور رائل یونیورسٹی آف بھوٹان اور ہندوستان کے نیشنل انوویشن فاؤنڈیشن کے مابین ایک معاہدہ پر دستخط ہوئے۔ صدرجمہوریہ پرنب مکرجی اور وزیراعظم بھوٹان کی موجودگی میں یہ دستخط کئے گئے۔

اس کے علاوہ انگلش اینڈ فارن لینگویجس یونیورسٹی (ایفلو) حیدرآباد اور رائل یونیورسٹی آف بھوٹان کے مابین بھی دستخط ہوئے۔ صدرجمہوریہ نے ہند ۔ بھوٹان تعلقات کے بارے میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وہ دونوں پڑوسی ممالک کے مابین روابط کو ’مثالی‘ قرار دیتے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ دونوں حکومتوں اور عوام کے مابین باہمی اعتماد پر قائم ان روابط سے ایک طرح کا اطمینان ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ دونوں پڑوسی ممالک ایک دوسرے کی تشویش اور باہمی مفادات کے معاملہ میں تعاون کرتے ہیں اور اس بات کو یقینی بنایا جاتا ہے کہ دونوں ممالک کافی چوکس بھی ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ اس سفر میں ہمیں اور آگے جانا ہے۔ ہمیں طویل فاصلہ طے کرنا ہے۔ بعدازاں مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ دونوں ممالک باہمی روابط پر اطمینان کا اظہار کرتے ہیں۔ دونوں نے باہمی تعاون کا یہ سلسلہ جاری رکھنے کا عہد کیا۔ صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے کہاکہ ہمہ گیر ترقی اور سب کے لئے تعلیم ہمارے مشترکہ مقاصد ہیں۔ اس کے علاوہ ہمیں عوام کی بنیادی سطح سے ضروریات کو پوری کرنے کے لئے اختراعی راستے اختیار کرنے ہوں گے۔ بھوٹان کے ساتھ قریبی روابط کا ذکر کرتے ہوئے پرنب مکرجی نے کہاکہ تعلیم کے شعبہ میں بھوٹان کو ہندوستان کا تعاون جاری رہے گا۔ اُنھوں نے ملک کے باوقار تعلیمی اداروں میں نشستوں کی بھی پیشکش کی۔ اُنھوں نے بتایا کہ آیورویدک اور لاء میں بھوٹان کے طلباء کو زیادہ نشستیں مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ صدرجمہوریہ نے شاہ بھوٹان جگمے کھیسر نمگیل وانگ چک کی دعوت پر یہ دورہ کیا۔