نئی دہلی۔ 20 فروری (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے راشٹرپتی بھون میں ہندوستان کا دورہ کرنے والے شاہ بحرین حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کے اعزاز میں ترتیب ہوئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اور بحرین کے درمیان کئی شعبوں میں باہمی تعاون کے زبردست امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بحرین کا شاہی خاندان ترقی، خوشحالی اور ہندوستان اور بحرین کے درمیان رنگارنگ تعلقات میں اہم کردار ادا کرتا رہا ہے جس سے دونوں ممالک کو فائدہ حاصل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خلیج کا علاقہ ہندوستان کی توانائی کی آدھی سے زیادہ ضروریات کی تکمیل کرتا ہے۔ 70 لاکھ ہندوستانی اس علاقہ میں برسرکار ہیں۔ بحرین ، ہندوستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ ہندوستان کے اس علاقہ میں امن اور استحکام سے وسیع تر مفادات وابستہ ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان روایتی تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے پرنب مکرجی نے کہا کہ حالیہ برسوں میں دونوں ممالک نے باہم اعتماد اور سمجھوتہ کی بنیاد پر جامع تعلقات میں اضافہ کیا ہے۔
ان تعلقات کے کئی پہلو ہیں جن میں سیاسی، معاشی، تجارتی اور عوام سے عوام کے روابط کے پہلو شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک ہندوستان کا تعلق ہے، بحرین میں مقیم ہندوستانی پورے خلوص اور وابستگی کے ساتھ کھلے دل سے اپنے میزبان ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔ یہ ہندوستان اور بحرین کے درمیان ایک طاقتور پُل کا کام کرتے ہیں اور دونوں ممالک کی شراکت داری کو مزید مستحکم بناتے ہیں۔ پرنب مکرجی نے کہا کہ ہندوستان کھلی بانہوں سے اپنے بحرینی دوستوں کا خیرمقدم کرتا ہے، چاہے وہ خانگی شعبہ میں سرمایہ کاری کریں یا سرکاری شعبہ میں۔ ہندوستانی کمپنیاں تجربہ کی دولت سے مالامال ہیں اور عمارتوں کی تعمیر اور انفراسٹرکچر پراجیکٹس میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں۔ بحرین کے ایسے پراجیکٹس میں انہوں نے اپنا قابل ستائش حصہ ادا کیا ہے۔