کئی شعبے بشمول دفاع اور صیانت شامل ‘ دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کا متفقہ بیان
اتراجیا۔23نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان اور ملائیشیا صیانت اور دفاع کے شعبوں میں اپنے تعاون میںاضافہ کریں گے ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے آج پُرزور انداز میں کہاکہ عالم گیر سطح پر حالیہ حملے اور ’’ غیر مختتم‘‘ دہشت گرد کارروائیاں ہندوستان اور افغانستان کیلئے ایک یاد دہانی ہے کہ دہشت گردی عالم گیر نوعیت تک کی ہے ۔ مودی نے وزیراعظم ملائیشیا نجیب رزاق کی ستائش کی کہ انہوں نے انتہا پسندی اور بنیاد پرستی کے خلاف جنگ میں قیادت فراہم کی ہے اور دہشت گردی و مذہب کے درمیان ربط کو مسترد کردیا ہے اور اس طرح ’’ اسلام کی حقیقی اقدار ‘‘ کو اجاگر کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سائبرسیکیورٹی میں تعاون کا معاہدہ اہمیت رکھتا ہے کیونکہ ہماری زندگیاں باہم زیادہ مربوط ہوگئی ہے اور دہشت گردی ہمارے دور کی انتہائی سنگین فکر ہے ۔ مودی نے اعتماد ظاہر کیا کہ باہمی دفاعی شراکت داری کو نئی سطح پر پہنچائیں گے ۔ ہندوستان اور ملائیشیا نے مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی دستخط کئے جو سائبر صیانت ‘ ثقافت اور عوامی انتظامیہ سے متعلق ہیں ۔ اپنی کوششوں کے ایک حصہ کے طور پر دونوں قائدین نے اتفاق کیا کہ باہمی سیاسی مشاورت باقاعدہ چوٹی کانفرنس میں منعقد کرتے ہوئے کی جائے گی ۔ کثیر جہتی واقعات کی صورت میں باہم مشاورت کی جائے گی ۔ ایک مشترکہ اعلامیہ میں مودی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے باہمی معاہدوں کو پوری صلاحیت سے اور ہند ۔ آسیان معاہدوں کی افادیت سے بھرپور استفادہ کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم علاقائی جامع معاشی شراکت داری معاہدہ کی جلد از جلد قطعیت کے منتظر ہیں ۔ مودی نے اعتماد ظاہر کیا کہ باہمی دفاعی شراکت داری عروج پر پہنچ جائے گی ۔ دونوں ممالک نے اتفاق کیا کہ خاص طور پر انفراسٹرکچر اور تعمیراتی شعبوں میں باہم شراکت داری کی جائے گی اور مشترکہ پراجکٹس میں سہولت فراہم کی جائے گی ۔ خانگی شعبوں میں دونوں ممالک تعاون کریں گے تاکہ نئی تبدیلیوں اور کاروباری اقدامات کے ساتھ ہم آہنگ ہوسکیں ۔ ہندوستان نے ’ میک ان انڈیا ‘ ’ ڈیجیٹل انڈیا ‘ ’ اسمارٹ سٹیز‘ اور ’مہارت کی ترقی‘ جیسے اقدامات کئے ہیں جس سے ملائیشیاء کے کاروباری طبقہ کو سرمایہ کاری کے نئے مواقع حاصل ہورہے ہیں ۔ دونوں وزرائے اعظم نے اظہار اطمینان کیا کہ باہمی تعلقات میں گذشتہ برسوں کے دوران نمایاں اضافہ ہوا ہے اور اپنے اس پختہ ارادہ کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شراکت داری کو اگلے مرحلے تک پہنچادیں گے ۔ موجودہ شعبوں میں تعاون میں اضافہ کیا جائے گا اور تعاون کے نئے شعبے تلاش کئے جائیں گے ۔ دونوں قائدین نے فیصلہ کیا کہ دفاع اور صیانت کے شعبوں میں تعاون میں اضافہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے اتفاق کیا کہ ہند ملائیشیاء دفاعی تعاون اجلاس ‘ معتمد دفاع / معتمد عمومی سطح کے اجلاسوں کے ذریعہ اگلی سطح تک پہنچایا جائے گا ۔ مودی نے کہا کہ دونوں ممالک نے ایک جاندار معاشی شراکت داری قائم کی ہے اور بحری راستوں پر بھی تجارت کا آغاز کیا جائے گا ۔ ملائیشیاء انفراسٹرکچر کے شعبوں میں شہرت رکھتا ہے ۔ ملائیشیاء نے کئی اہم پراجکٹس بشمول سڑکوں کے شعبوں میں مکمل کئے ہیں ۔ مودی نے کہا کہ ہندوستان چاہتا ہے کہ ملائیشیاء ان شعبوں میں باہمی تعاون میں توسیع کرے اور انفراسٹرکچر ‘ میک ان انڈیا اور اسمارٹ سٹیز پراجکٹس میں باہمی تعاون میں مزید اضافہ کرے ۔ مودی کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے نجیب رزاق نے کہا کہ ہم اس مسئلہ پر تبادلہ خیال کیلئے عاجلانہ اقدامات کریں گے ‘ اعلیٰ سطحی ہندوستانی تعلیمی اداروں کو ہنوز ملائیشیا میں تسلیم نہیں کیا جاتا ہے انہیں تسلیم کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔