اقوام متحدہ ، 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے کہا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق ادارہ کیلئے اس سال دوبارہ انتخاب چاہے گا اور طاقتور سلامتی کونسل کی عاجلانہ اصلاح کیلئے پُروزر مہم چلاتا رہے گا۔ کل ہندوستان کے 65 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر ہندوستان کے سفیر برائے اقوام متحدہ اشوک کمار مکرجی نے کہا کہ ہندوستان اپنے قومی مقاصد اور ترجیحات کی اساس پر آنے والے سال کے دوران اقوام متحدہ کے کام میں سرگرمی سے حصہ لے گا۔ انھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی عاجلانہ اصلاح ہندوستان کیلئے بدستور ’’ترجیح‘‘ رہے گی، نیز یہ کہ بین الاقوامی امن اور سلامتی کی برقراری بھی ہندوستان کے ترقیاتی مقاصد کیلئے ضروری بیرونی ماحول ہے۔ ہندوستان موجودہ طور پر 47 قومی اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کا ممبر ہے
اور اس کی میعاد 31 ڈسمبر 2014ء کو ختم ہوگی۔ وہ اس سال دوبارہ انتخاب کی کوشش کرے گا جب اکٹوبر میں انتخابات منعقد ہوں گے۔ ذرائع نے کہا کہ ہندوستان ایشیا۔ پیسیفک زمرے میں مسابقت کرے گا جس میں چار نشستوں کیلئے انتخاب ہوگا اور ابھی تک سات اقوام نے اپنی امیدواری کا اعلان کردیا ہے۔ اس کونسل کے ارکان کا انتخاب عالمی ادارہ کی جنرل اسمبلی کی جانب سے تین سالہ مدت کیلئے کیا جاتا ہے، اور ان ارکان کو تمام حقیقی انسانی حقوق مسائل اور حالات پر غوروخوض کا موقع ملتا ہے جو سال تمام اس کونسل کی توجہ کے متقاضی ہوتے ہیں۔ گزشتہ سال جنرل اسمبلی نے 14 ممالک بشمول چین، سعودی عرب اور روس کو اس کونسل کیلئے منتخب کیا تھا۔