تھانے۔ 9؍فروری (سیاست ڈاٹ کام)۔ ملک نے گیہوں اور کپاس کی بیرونی ممالک کو برآمد کرکے 2.32 لاکھ کروڑ روپئے کا بیرونی زر مبادلہ کمایا ہے۔ مرکزی وزیر زراعت شرد پوار نے آنجہانی پدم شری بھؤ صاحب ورتک اور اندوتائی ورتک وشرام دھام کی تقریب افتتاح کے بعد تقریر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ملک پانچ سال قبل گیہوں اور کپاس کی درآمد پر انحصار کرتا تھا، لیکن اب صورتِ حال تبدیل ہوگئی ہے اور ہم انہی زرعی اشیاء کی برآمد کے ذریعہ بیرونی ممالک سے قابل لحاذ زر مبادلہ حاصل کررہا ہے۔ انھوں نے اپنی تقریر میں کہا کہ وشرام دھام 2 کروڑ روپئے کی لاگت سے ضلع پال گھر کے علاقہ کیلوے میں تعمیر کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ سوماونشی کھشتریہ مہاسنگھ نے آنجہانی بھؤ صاحب ورتک کی یوم پیدائش تقریب کی یادگار کے طور پر یہ عمارت تعمیر کی ہے۔ بھؤ صاحب تھانے ضلع کے ایک صاحب بصیرت سماجی کارکن تھے۔