ہندوستان ابھرتی ہوئی بڑی جمہوری طاقت

ممبئی ۔ 4 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم آسٹریلیا ٹونی ایبٹ نے ہندوستان کو ایک ابھرتی ہوئی جمہوری بڑی طاقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان بزنس کے وسیع مواقع رکھتا ہے۔ تجارتی دارالحکومت سے اپنے دو روزہ دورہ ہند کا آغاز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے ہندوستان کے دورہ کی دعوت دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا ہندوستان کے ساتھ کاروبار کے سلسلہ میں کھلا ذہن رکھتا ہے۔ انہیں یہ دیکھ کر حیرت ہوئی کہ گذشتہ چند دہائیوں میں ہندوستان کی ترقی اور فروغ میں دنیا بھر کو حیران کردیا ہے حالانکہ یہ دنیا کا دوسرا سب سے گنجان آباد ملک ہے لیکن تیسری بڑی معیشت بن گیا ہے اور دنیا کی ابھرتی ہوئی جمہوری بڑی طاقت ہے۔ آسٹریلیا کے ساتھ ہندوستان کے طویل اور گرمجوش تعلقات ہیں۔ وہ ہوٹل تاج پیالیس میں اپنے ہمراہ آنے والے 30 رکنی بزنس وفد سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 33 سال قبل انہوں نے ہندوستان کا دورہ کیا تھا

جبکہ دیہی ہندوستان نے انہوں نے بیل گاڑیاں چلتی دیکھی تھیں لیکن اب ان ہی دیہاتوں میں نیوکلیئر پاور اسٹیشن قائم ہیں اور ہندوستان نے کافی ترقی کی ہے۔ انہوں نے وفد سے کہا کہ ہندوستان میں بزنس کے وسیع مواقع موجود ہیں اور انہوں نے عہد کیا ہیکہ اس سے استفادہ کریں گے۔ اپنی حکومت پر اختراعی عظیم تر شعور کی بیداری آسٹریلیا کے طلبہ میں پیدا کرنے زور دیتے ہوئے ٹونی ایبٹ نے کہا کہ وہ یقینی بنائیں کہ لاکھوں آسٹریلیائی طلبہ آئندہ سال سے ہندوستان کی یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیائی یونیورسٹیوں میں ہزاروں ہندوستانی طلبہ زیرتعلیم ہیں لیکن ہندوستان کی یونیورسٹیوں میں آسٹریلیائی طلبہ کی تعداد بہت کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی حکومت کا ’’نیا کولمبو منصوبہ‘‘ ہندوستان سے شروع کریں گے اور مختلف وائس چانسلرس سے ملاقاتیں کریں گے۔ نیا کولمبو منصوبہ حکومت آسٹریلیا کی نمائندہ پہل ہے جس سے ہند ۔ بحرالکاہل طلبہ کی معلومات میں اضافہ کیا جاتا ہے۔