ہندوستان آج کامیابی کے ساتھ ایک اوروائٹ واش کیلئے کوشاں

آسٹریلیا کے خلاف آج چوتھا ونڈے
وارنراپنے کرئیرکا 100واں ونڈے کھیلیں گے
میزبان ٹیم مسلسل دسویں کامیابی سے ایک قدم دور

بنگلورو۔ 27 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ونڈے کرکٹ میں نمبر ایک بن چکی ہندوستانی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف یہاں بارش کے خدشے کے درمیان کل جب چوتھے ونڈے میں اترے گی تو اس کا واحد مقصد اپنی ونڈے تاریخ میں پرفیکٹ 10 کا ریکارڈ بنانا ہوگا۔ہندوستانی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں 3-0 کی ناقابل تسخیر برتری بناکر سیریز اپنے نام کرنے کے ساتھ ون ڈے میں نمبر ون بھی بن چکی ہے ۔ ہندوستان نے اندور میں گزشتہ میچ جیت کر ونڈے کرکٹ میں اپنی فتوحات کے طویل سلسلے کی برابری کرلی تھی۔ہندوستان کی یہ مسلسل نویں ونڈے جیت تھی۔ ہندوستان نے اس سال جولائی سے ستمبر تک مسلسل9 ونڈے میچ جیت لئے ہیں جبکہ اس سے قبل اس نے نومبر2008 سے فروری2009 تک لگاتار9 ونڈے جیتے تھے ۔۔ نیوزی لینڈ ایک مرتبہ یہ کارنامہ انجام دے چکا ہے جبکہ انگلینڈ، پاکستان، ویسٹ انڈیز اور سری لنکا دو دو مرتبہ یہ کامیابی حاصل کرچکے ہیں۔ جنوبی افریقہ نے پانچ مرتبہ اور آسٹریلیا نے ریکارڈ 6 مرتبہ یہ سنگ میل حاصل کیا ہے ۔ بنگلہ دیش اور زمبابوے ایسا کبھی نہیں کرپائے ہیں۔ ہندوستان یہ کارنامہ انجام دینے کی دہلیز پر ہے ۔ویراٹ کوہلی کی ٹیم اس وقت جس جذبے کے ساتھ کھیل رہی ہے اس سے لگ رہا ہے کہ صرف سیریز جیتنے کے بعد کی کوئی تساہلی یا پھر شہر میں جاری بارش ہی اس کی مہم میں دخل انداز ہوسکتی ہے ۔آسٹریلیا اپنے گھر سے باہر لگاتار11 ونڈے گنوا چکی ہے ۔ عالمی چمپئن آسٹریلیا کو اپنا وقار بچانے کے لئے اس میچ میں ہرحال میں واپسی کرنی ہوگی۔اگر آسٹریلیا اس سیریز میں 5-0سے ہارتا ہے تو وہ ونڈے درجہ بندی میں چوتھے مقام پر کھسک جائے گا۔ آسٹریلیا ٹسٹ درجہ بندی میں پانچویں اور ٹونٹی 20 میں ساتویں مقام پر ہے ۔آسٹریلیائی اوپنر ڈیوڈ وارنر کا یہ100 واں ونڈے ہیجسے یادگار بنانے کی وہ پوری کوشش کریں گے ۔ہندوستان کو اپنے اس ریکارڈ کے لئے سب سے زیادہ خطرہ شہر میں ہورہی بارش سے ہے ۔ شہر میں کل رات سے ہی زبردست بارش ہورہی ہے اور کل بھی بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔