اسلام آباد 29 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سبکدوش ہونے والے ہندوستانی ہائی کمشنر متعینہ پاکستان ٹی سی اے راگھون نے آج وزیراعظم پاکستان نواز شریف سے وداعی ملاقات کی جنھوں نے ہند و پاک کے درمیان بہتر تعلقات استوار کرنے میں راگھون کی کوششوں کی سراہنا کی۔ دریں اثناء ریڈیو پاکستان کے مطابق نواز شریف نے راگھون کے ساتھ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اور مشترکہ مفادات کے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔ راگھون نے ہند و پاک کے دو رخی تعلقات کو بہتر بنانے میں کلیدی رول ادا کیا جس کی خود نواز شریف نے سراہنا کی۔ یہ راگھون کی خوش بختی ہے کہ انھوں نے اپنی میعاد کے دوران نہ صرف ہند و پاک کے درمیان بہتر تعلقات کے احیاء بلکہ وزیراعظم ہند نریندر مودی کے دورۂ پاکستان کو بھی خود اپنی آنکھوں سے دیکھا۔ راگھون کو جون 2013 ء میں پاکستان میں ہندوستان کا ہائی کمشنر مقرر کیا گیا تھا اور اُس وقت نواز شریف نے بھی نئی حکومت تشکیل دی تھی۔ راگھون نے اپنے کیرئیر کے دوران 2003 ء تا 2007 ء پاکستان میں ہی ڈپٹی ہائی کمشنر کی حیثیت سے فرائض انجام دیئے۔ پاکستانی سیاست کی فہم و فراست رکھنے والے راگھون کا بیحد احترام کیا جاتا ہے۔ علاوہ ازیں اُنھوں نے برطانیہ، بھوٹان اور کویت میں بھی سفارتی ذمہ داریاں نبھائیں۔