ممبئی ۔ 8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بمبئی ہائیکورٹ نے شہر کے ساکن ایک شخص کی طرف سے دائر کردہ درخواست پر قطر قونصل خانہ کو ایک نوٹس جاری کی ہے۔ درخواست میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ اس خلیجی ملک میں گذشتہ سال اس کے بھائی کی موت واقع ہوئی تھی۔ 38 سالہ جتیندر سنگھ گذشتہ سال ستمبر میں قطر روانہ ہوا تھا جہاں اس کو جے ایم مہتا اینڈ کمپنی اور قطر انجینئرنگ اینڈ کنسٹرکشنس میں بحیثیت کلرک ملازمت حاصل ہوئی تھی۔
اس کے بھائی اور درخواست گذار دلیپ سنگھ خالصہ کے مطابق 26 نومبر 2013ء کو اس کے خاندان کو قطری حکام نے مطلع کیا تاکہ جتیندر قلب پر حملہ اور نظام تنفس کی ناکامی کے سبب فوت ہوگیا اور رشتہ داروں کی جانب سے نوآبجکشن سرٹیفکیٹ بھیجے جانے کی صورت میں نعش کو ہندوستان روانہ کیا جائے گا۔ تاہم خاندان نے موت پر شبہ ظاہر کیا اور اس کی موت کی ہندوستانی حکام کے ذریعہ آزادانہ تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا۔ متاثرہ خاندان نے آجر کمپنی سے 70 لاکھ روپئے کا معاوضہ اور غیرمشروط طور پر نعش کی حوالگی کی شرط رکھی ہے۔ ہائیکورٹ نے اس مقدمہ کی آئندہ پیشی 11 اپریل کو مقرر کی ہے۔