واشنگٹن 22 فروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ ادویات کی درآمد میں ہندوستانی کمپنیوں کو نشانہ نہیں بنارہا ہے لیکن وہ امریکہ میں درآمد کی جانے والی تمام ادویات کو اپنی جانب سے مقررہ معیار کے ضوابط کی پابندی کے خلاف بنانے پر کاربند ہے۔ اِن خیالات کا اظہار امریکہ کے ادارہ برائے خوراک و ادویات کے انتظامیہ نے کیا ہے۔ دریں اثناء امریکی ادارہ برائے خوراک و ادویات کی کمشنر مارگریٹ ہمبرگ نے یہاں ایک کانفرنس کال کے ذریعہ میڈیا نمائندوں کو مطلع کیاکہ ادویات کی درآمدات کے بارے میں ہندوستانی کمپنیوں کو نشانہ نہیں بنارہے ہیں بلکہ ہم صرف ہمارے معیار کے لئے مقررہ ضوابط کو یقینی بنانے کے لئے سخت شرائط کا اطلاق کررہے ہیں۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ ہم امریکہ کو درآمد کرنے والی ادویات کی کمپنی کا معائنہ کررہے ہیں تاکہ جو ادویات امریکی شہریوں کے لئے یہاں درآمد کی جائیں تو وہ ادویات ہمارے معیار اور ضروریات کے مطابق ہو۔ ہندوستانی کمپنیوں کو نشانہ بنانے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے مارگریٹ نے مزید کہاکہ اِس طرح کی شرائط ہم دیگر ممالک پر بھی نافذ کررہے ہیں۔
اُنھوں نے ہندوستان کے اپنے پہلے دورہ جہاں گزشتہ ماہ اُنھوں نے حکومتی اور صنعتی قائدین سے ملاقات کی تھی، واپسی کے بعد میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ مارگریٹ نے مزید کہاکہ ادویات کا معائنہ ایک عام معائنہ ہے جوکہ ہمارے معیار کے شرائط کا ایک عمل ہے تو پھرہندوستان کے ساتھ زیادتی کا کوئی مسئلہ ہی نہیں ہوتا۔ امریکہ کے علاوہ دنیا بھر میں اِس طرح کے شرائط موجود ہوتے ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ امریکیوں کے لئے ہندوستان سے درآمد کی جانے والی ادویات ہمارے معیار کے مطابق ہو۔ مارگریٹ نے مزید کہاکہ امریکہ ادارہ برائے خوراک و ادویات اِس منصوبہ پر بھی کام کررہا ہے جس کے تحت ہندوستان میں موجود اِس کے عملہ کی تعداد 12 میں اضافہ کرتے ہوئے اِسے 19 کردیا جائے کیونکہ ہندوستان وہ ملک جس کی امریکہ کی نظر میں خصوصاً غذا اور ادویات میں کافی اہمیت ہے۔