نئی دہلی ۔ یکم سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو سری لنکا کے خلاف تاریخی سیریز میں کامیابی پر مبارکباد دی ہے اور کہاکہ ٹیم کے متاثرکن مظاہرہ سے سارا ملک فخر محسوس کررہا ہے۔ مودی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ سری لنکا کے خلاف اِس تاریخی کامیابی پر انڈین کرکٹ ٹیم کو مبارکباد پیش ہے۔ ہمیں ٹیم کے متاثرکن مظاہرہ پر فخر ہے۔ اُنھوں نے یہ پیام اُس وقت دیا جب ہندوستان نے 22 سال بعد سری لنکا کی سرزمین پر پہلی مرتبہ ٹسٹ سیریز میں کامیابی حاصل کی۔ ہندوستان نے تیسرے اور آخری ٹسٹ میں حریف کپتان انجیلو میتھیوز کی سنچری کے باوجود میزبان ٹیم کے خلاف 117 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی نے بھی ہندوستانی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ 22 سال بعد اس کامیابی کے ذریعہ ہمارے کرکٹرس نے قوم کا سر فخر سے اونچا کردیا ہے۔ بی سی سی آئی صدر جگموہن ڈالمیا کے علاوہ کرکٹ کی معروف شخصیتوں سچن تنڈولکر، وی وی ایس لکشمن، سابق کپتان بشن سنگھ بیدی اور ہربھجن سنگھ نے بھی ویراٹ کوہلی کی زیرقیادت ٹیم کو مبارکباد دی۔ آخری مرتبہ 1993 ء میں محمد اظہرالدین کی زیرقیادت ہندوستانی ٹیم نے سری لنکا کے خلاف سیریز 1-0 سے جیتی تھی۔