جموں۔/25اپریل،( سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی فوج نے آج جنگ بندی معاہدہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہندوستانی چوکیوں پر مورٹار فائرنگ کی جو لائن آف کنٹرول پر واقع ہیں، جس کے بعد ہندوستانی افواج نے بھی جوابی کارروائی کی۔ ایک سینئر فوجی افسر نے میڈیا کو بتایا کہ پاکستانی فوج نے چھوٹے ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے ہندوستانی چوکیوں پر مورٹار برسائے جس کے بعد ہندوستانی افواج کو بھی اپنے دفاع کیلئے جوابی کارروائی کرنی پڑی اور اس طرح فائرنگ کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا۔ فوجی افسر نے مزید کہا کہ ایسی خفیہ اطلاع ملی ہیں کہ کچھ درانداز ہندوستان میں داخل ہونا چاہتے تھے اور فائرنگ کرنا محض ایک دکھاوا تھا تاکہ ہندوستانی فوج کو بھی فائرنگ میں مشغول کردیا جائے۔
ہند۔ بنگلہ دیش سرحد پر کشیدگی
اگرتلہ۔/25اپریل، ( سیاست ڈاٹ کام) کچھ بنگلہ دیشی شہریوں کی جانب سے دو ہندوستانیوں کے اغواء کے واقعہ کے بعد شمال مشرقی ریاست میں ہند۔ بنگلہ دیش سرحد کے قریب کشیدگی پائی جارہی ہے۔ تریپورہ پولیس ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ تریپورہ میں واقع ابر کے باغ میں سات ہندوستانی مزدور کام کررہے تھے ۔ شام کے وقت ڈیوٹی ختم ہونے سے قبل دو ہندوستانی مزدوروں کو بنگلہ دیشی شہری اغوا کرکے لے گئے جبکہ دیگر پانچ مزدور بھاگ نکلنے میں کامیاب ہوگئے اور انہوں نے بی ایس ایف کو اس واقعہ سے واقف کروایا جس کے بعد بی ایس ایف نے اپنے بنگلہ دیشی ہم منصب کو ہدایت کی کہ وہ مغویہ ہندوستانی مزدوروں کو رہا کردیں ۔