سنگاپور ۔ 28 جون (سیاست ڈاٹ کام) سنگاپور کے ایک ہندوستانی نژاد وکیل کو ملک کی سپریم کورٹ کا جوڈیشیل کمشنر مقرر کیا گیا ہے۔ ایک سرکاری بیان کے مطابق 59 سالہ دیدار سنگھ گل کو سنگاپور کی صدر حلیمہ یعقوب نے اپیکس کورٹ کا جوڈیشیل کمشنر مقرر کیا ہے جن کی میعاد دو سالہ ہوگی۔ موصوف اپنی خدمات کا آغاز یکم ؍ اگست سے کریں گے۔ وزیراعظم کے دفتر سے جاری ایک بیان میں اس تقرری کی توثیق کی گئی۔ دیدار سنگھ گل نیشنل یونیورسٹی آف سنگاپور (1983) کے گریجویٹ ہیں۔ قبل ازیں موصوف ایک لاء فرم ڈریو اینڈ نیپئر آئی ایل سی کے انٹلکچول پراپرٹی ڈپارٹمنٹ کے منیجنگ ڈائرکٹر تھے جبکہ انہیں وکالت کا بھی 30 سالہ طویل تجربہ ہے۔ مسٹر گل کی تقرری سے سپریم کورٹ میں اب ججوں کی تعداد 21 ہوگئی جن میں اپیل کے چار ججس اور چیف جسٹس، چھ جوڈیشیل کمشنرس، چار سینئر ججس اور 15 انٹرنیشنل ججس شامل ہیں۔