لندن ، 15 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک ہندوستانی نژاد نومسلم نے ضمانت کی خلاف ورزی کرتے ہوئے برطانیہ سے فراری اختیار کرلی اور بتایا جاتا ہے کہ اب وہ شام میں اسلامک اسٹیٹ کے زیرسایہ مقیم ہے۔ ابو رومیسیا جس کی پیدائش سدھارتھ دھار کی حیثیت سے ہوئی تھی، اسے اسکاٹ لینڈ یارڈ نے ستمبر میں مشتبہ دہشت گرد کے طور پر گرفتار کیا تھا اور پھر اسے ضمانت پر رہائی ملی۔ لیکن بی بی سی لندن کے بموجب وہ یورپ کی بری سمت میں جانے والی بس کے ذریعہ لندن سے چلا گیا ہے اور اب اسلامک اسٹیٹ کی آغوش میں ہے۔ میٹروپولیٹن پولیس کے انسداد دہشت گردی کمان کا کہنا ہے کہ وہ یہ پتہ چلانے میں مصروف ہے کہ وہ کہاں ہے۔ 31 سالہ رومیسیا کو ممنوعہ انتہا پسند گروپ ال مہاجرون کی تحقیقات کے سلسلے میں 25 ستمبر کو دہشت گردی کی حوصلہ افزائی کے شبے میں حراست میں لیا گیا تھا۔