ہندوستانی نژاد جوہری کے اغواء اور قتل کا چھٹواں ملزم بھی گرفتار

لندن ۔ یکم ؍ فروری (سیاست ڈاٹ کام) برطانوی پولیس نے ایک ہندوستانی نژاد جوہری کے اغواء اور قتل معاملہ میں ملوث چھٹویں ملزم کو بھی گرفتار کرلیا۔ جوہری رمنیک لال جوگیا گذشتہ ہفتہ لیسسٹر میں مردہ پائے گئے تھے۔ اطلاعات کے مطابق 74 سالہ جوگیا دوکان بند کرنے کے بعد اپنے مکان واپس ہورہے تھے کہ ایک کار میں سوار کچھ نقاب پوش افراد نے ان کا اغواء کرلیا۔ چھٹویں مشتبہ شخص کی عمر 20 سال بتائی گئی ہے جو فی الحال پولیس تحویل میں ہے۔ لیسسٹر پولیس نے بتایا کہ کل اس کے ساتھ پوچھ گچھ کی جائے گی۔ اس ملزم کے علاوہ 18 اور 22 سال کے دیگر دو افراد کو بھی پیر کے روز مشتبہ طور پر اغواء اور قتل میں ملوث ہونے کے باعث گرفتار کیا گیا تھا۔ ان دونوں کا تعلق لیسسٹر سے ہے اور دونوں اس وقت پولیس تحویل میں ہیں جبکہ تین دیگر افراد پر بھی منگل کے روز جوگیا کے اغواء اور قتل کے الزامات عائد کئے گئے ہیں اور انہیں 28 فروری کو لیسسٹر کراؤن کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔ جوگیا کے تین بیٹے ہیں اور انہیں اپنے خاندان سے بیحد پیار تھا۔ وہ اپنا زیادہ تر وقت اپنے بچوں اور پوتاپوتیوں کو دیتے تھے۔ ان کے ساتھ کھانا نوش کرتے تھے اور کرکٹ میچ بھی دیکھتے تھے یہاں تک کہ مشہور ہندوستانی ٹی وی سیریلس بھی وہ اپنے ارکان خاندان کے ساتھ بیٹھ کر دیکھتے اورمحظوظ ہوتے تھے۔