ٹریڈ مارک ٹاپ ڈاکٹرس آف امریکہ 2018 ایڈیشن میں نام شامل
حیدرآباد ۔ 7 ۔ اگست : ( سیاست ڈاٹ کام ) : اگر انسان کے ارادے نیک حوصلے بلند ہوں اس میں صبر و تحمل بردباری اور ڈسپلن کی خوبیاں پائی جاتی ہوں تو کامیابی اس کے قدم چومتی ہے ۔ وہ جس شعبہ یا پیشہ سے وابستہ ہوتا ہے ۔ اس میں وہ بڑی بڑی کامیابیاں حاصل کرتا ہے ۔ اس طرح کے انسانوں کو غیر معمولی اور مثالی کہا جاتا ہے جو اپنے ہم پیشہ ، ماہرین و دوسروں کے لیے مثالی ہوتے ہیں ۔ ایسی ہی شخصیتوں میں ہندوستانی نژاد امریکی ڈاکٹر میر ممتاز علی بھی شامل ہیں ۔ ڈاکٹر میر ممتاز علی کی پیشہ وارانہ مہارت ، ڈسپلن اور جذبہ خدمت خلق کو دیکھتے ہوئے ان کا نام ٹریڈ مارک ٹاپ ڈاکٹرس آف امریکہ 2018 کے آنرس ایڈیشن میں شامل کیا گیا ہے ۔ ٹریڈ مارک ٹاپ ڈاکٹرس آف امریکہ نے اس سلسلہ میں ایک صحافتی اعلامیہ جاری کیا جس میں بتایا گیا کہ ایک پابند ڈسپلن اور اپنے پیشہ کے تئیں انتہائی دیانتدار اور غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل میر ممتاز علی ایم ڈی ، ایف اے سی پی ، ایف سی سی پی کے نام کو ٹریڈ مارک ٹاپ ڈاکٹرس آف امریکہ 2018 کے ایڈیشن میں شامل کیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر میر ممتاز علی تاریخی شہر حیدرآباد فرخندہ بنیاد سے تعلق رکھتے ہیں ۔ انہوں نے شہر کے مشہور و معروف لٹل فلاور ہائی سکنڈری اسکول سے تعلیم حاصل کی ۔ 1965 میں انہوں نے ایچ ایس سی ملٹی پرپز کیا اور پھر ہندوستان کے باوقار عثمانیہ میڈیکل کالج سے 1971 میں ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کی ۔ 1971-73 ڈاکٹر ممتاز علی نے عثمانیہ جنرل ہاسپٹل اور اس سے ملحقہ ہاسپٹلوں میں خدمات انجام دیں ۔ 1973 میں امریکہ روانہ ہوئے ۔ شکاگو ایلنوائے میں خدمات کا آغاز کیا ۔ ان کا شمار امریکہ کے ماہر امراض شش میں ہوتاہے ۔ انہیں ویسٹرن اڈمنسٹریشن ہاسپٹل ، گلینڈیل ہائٹس کمیونٹی ہاسپٹل ، ایڈورڈ ہاسپٹل کے علاوہ کنگ فہد نیشنل گارڈ ہاسپٹل ریاض ، دکن کالج آف میڈیکل سائنس ، سی ڈی آر ہاسپٹل اور اپولو ہاسپٹل جوبلی ہلز نے بھی ان کی ماہرانہ خدمات سے استفادہ کیا ۔ ڈاکٹر میر ممتاز علی نے دنیا کے مشہور و معروف ہاسپٹلوں اور ریسرچ سنٹرس میں امراض شش پر بے شمار مقالہ جات پیش کئے ۔ لکچرس دئیے ۔ ان کی پیشہ وارانہ خدمات کی ہندوستان ، امریکہ اور سعودی عرب میں زبردست ستائش کی گئی ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ ٹریڈ مارک ٹاپ ڈاکٹرس آف امریکہ کے ایڈیشن میں نام کی شمولیت کسی بھی ڈاکٹر یا پیشہ وارانہ ماہر کے لیے بہت بڑا اعزاز حاصل ہوتا ہے ۔ ڈاکٹر میر ممتاز علی اپنے پیشہ وارانہ کامیابیوں و کارناموں کے لیے نہ صرف حیدرآباد بلکہ ہندوستان کے لیے بھی قابل فخر ہیں اور دوسرے ڈاکٹروں کے لیے ایک مثال ہیں ۔۔