ہندوستانی نژاد امریکی ٹیچر کو اعلیٰ ترین تدریسی ایوارڈ

واشنگٹن 18 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایک ہندوستانی امریکی یونیورسٹی کے فزکس کے پروفیسر کو شعبہ تدریس میں اُن کی گرانقدر خدمات کے اعتراف میں باوقار چیری ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ بلیر یونیورسٹی نے 16 جنوری کو میرا چندرشیکھر نامی خاتون پروفیسر کو باوقار ایوارڈ کے لئے نامزد کیا جو رابرٹ فوسٹر 2014 ء چیری ایوارڈ سے موسوم ہے جو اُنھیں شعبہ تدریس میں گراں قدر خدمات انجام دینے پر دیا جارہا ہے۔ امریکہ کی تاریخ میں پیشہ تدریس سے وابستہ یہ واحد انعام ہے جہاں ایوارڈ یافتگان کو 250,000 ڈالرس کی خطیر رقم بطور کیسۂ زر پیش کی جاتی ہے۔ ڈاکٹر چندرشیکھر بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹیچر ہیں۔ اُن کے غیرمعمولی اکیڈیمک ریکارڈ کا اثر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ طلباء پر بھی مرتب ہوتا ہے۔ بیلر یونیورسٹی عاملہ کی نائب صدر ایلزیبتھ ڈیوس نے یہ بات بتائی۔

شہزادہ ہیری نے فوجی پائلٹ کی ملازمت ترک کردی
لندن 18 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ کے شہزادہ ہیری نے اپنے فوجی پائلٹ کی ملازمت سے دستبرداری اختیار کرلی ہے کیونکہ وہ اولمپک اسٹیڈیم کے ایک نئے پراجکٹ سے وابستہ ہونے کے خواہاں ہیں۔ 29 سالہ ہیری بکنگھم پیالس میں واقع اپنے دفتر سے نام نہاد ’’واریر گیمس‘‘ کھیلیں گے اور اس کے لئے انھیں اپنی دادی ملکہ الزبتھ دوم اور دادا پرنس فلپ کا تعاون حاصل ہے۔ برطانوی اخبار ’’ایوننگ اسٹینڈرڈ‘‘ نے تفصیلی خبر شائع کرتے ہوئے کہاکہ ڈاؤننگ اسٹریٹ کی جانب سے حالانکہ پیرالمپک طرز کے گیمس کو قطعیت دینا ہنوز باقی ہے لیکن شہزادہ ہیری کو پورا یقین ہے کہ اُن کی نئی پروفائیل اولمپک گیمز میں زخمی مرد و خاتون فوجیوں کو جن کا تعلق نہ صرف برطانیہ بلکہ دولت مشترکہ اور امریکہ جیسے ممالک سے ہوگا، مسابقتی مواقع پیدا کرنے میں اہم رول ادا کرے گا۔