واشنگٹن ۔21 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی نژاد مشہور امریکی وکیل نیومی جہانگیر راؤ نے یو ایس سرکٹ جج کی حیثیت سے اپنے عہدہ کا حلف لیا جو کولمبیا سرکٹ کورٹ آف اپیلس کی نمائندگی کریں گی۔ اس طرح وہ اپنی کمیونٹی کے ایسی دوسری شخصیت بن گئی ہیں جنہیں اس جلیل القدر عہدہ پر فائز کیا گیا جسے یو ایس سپریم کورٹ کے بعد دوسرا اعلیٰ درجہ حاصل ہے۔ 45 سالہ راؤ کو سپریم کورٹ جسٹس کلارینس تھامس نے عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا جس کا انعقاد وائیٹ ہاؤس کے روز ویلٹ روم میں کیا گیا تھا۔ موصوفہ جسٹس بریٹ کواناف کی جگہ لیں گی۔ راؤ نے بائبل پر ہاتھ رکھ کر عہدہ کا حلف لیا۔ اس وقت ان کے شوہر بھی وہاں موجود تھے۔ نیومی جہانگیر راؤ ایک پارسی خاتون ہیں جو ڈیٹرائیٹ میں ایک پارسی ڈاکٹر کے گھر پیدا ہوئیں۔