نیویارک 22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ممتاز ہندوستانی نژاد امریکی ڈاکٹر کو نیویارک کے محکمہ صحت عامہ کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ یہ ملک کے سرکاری ہسپتالوں کے نظام کا سب سے بڑا محکمہ ہے ۔ اِس نیٹ ورک میں تقریباً 12 ہسپتال، صحت کا ایک منصوبہ شامل ہے اور اُن کی مالیت 7 ارب 30 کروڑ امریکی ڈالر ہے۔ شکاگو کی کُک کاؤنٹی کے ہسپتالوں کے نظام کے موجودہ سی ای او راجیو ایک بااحترام ڈاکٹر ہیں جنھوں نے ملک کے کئی انتہائی بڑے اور انتہائی پیچیدہ صحت عامہ نظاموں کی سربراہی کی ہے۔
اخبار کی ادارت اور کتاب لکھنا چدمبر کی تمنا
داوس ۔ 22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیرفینانس پی چدمبرم نے اپنی زندگی میں ایک وکیل اور ایک سیاستداں کی حیثیت سے اپنا لوہا منوایا ہے۔ اب وہ درس و تدریس کے علاوہ تصنیف کی بھی تمنا رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ اخبار کی ادارت کے فرائض انجام دینے کی بھی آرزو کررہے ہیں۔ ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرفینانس نے کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ میں آپ کی طرح ایک اخبار نکالوں۔ ان کے اس جملہ پر حاضرین مسکرا اٹھے۔ چدمبرم سے فینانشیل ٹائمس ایڈیٹر لائیونل باربر نے سوال کیا تھا کہ وہ سیاست سے ہٹ کر دوسرا کیا کام انجام دینا چاہیں گے۔ انہوں نے کہا تھا کہ میں درس و تدریس کے علاوہ کتاب تصنیف کرنا چاہوں گا۔