نیویارک ۔ 16 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ایک 28 سالہ ہندوستانی نژاد امریکی تاجر امیت پٹیل کو جو ایڈیسن کا متوطن تھا،نامعلوم بندوق برداروں نے ان کے خاندان کی ملکیت شراب کی دکان میں گولی مار کر ہلاک کردیا۔ پولیس کے بموجب پٹیل شراب کی دکان میں اکیلے تھے جو ان کی والد کی ملکیت تھی۔ حملہ آوروں نے ان پر انتہائی قریب سے گولیاں چلائی۔ پولیس کی آمد پر پٹیل کی نعش دستیاب ہوئی، جس پر گولیوں کے زخم تھے۔ وکیل استغاثہ کیرولین اے مرے اور کارگذار پولیس ڈائرکٹر موسیٰ ملک نے کہا کہ پولیس انہیں زندہ نہیں بچا سکی۔ جس وقت فائرنگ ہوئی پٹیل کے والد دکان کے پچھلے حصہ میں تھے۔ خاندانی دوست راکیش پٹیل نے کہا کہ یہ نہیں کہا جاسکتا کہ یہ ڈکیتی کا واقعہ تھا ۔ ان کے موت کی بھی وجہ معلوم نہیں ہوسکی کیونکہ ان کی کسی سے دشمنی نہیں تھی۔