ہندوستانی فورس فائرنگ کیوں کررہی ہے؟پاکستانی فوج کا سوال

اخنور۔ 27 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور پاکستان کی سرحدی فورسیس کا آج حالیہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے تناظر میں پہلا اجلاس منعقد ہوا لیکن 45 منٹ کی یہ بات چیت بے نتیجہ رہی۔ بی ایس ایف اور پاکستان رینجرس کے مابین یہ اجلاس سرحد پر کشیدگی کم کرنے کیلئے منعقد ہوا تھا۔ عہدیدار نے بتایا کہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں میں اضافہ کے بارے میں کوئی تبادلہ خیال نہیں ہوسکا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کشیدگی کم کرنے کیلئے سیکٹر کمانڈر یا اعلیٰ سطح کی فلیگ میٹنگ کی درخواست کی ہے۔ بی ایس ایف کے مطابق گذشتہ 45 دن کے دوران بین الاقوامی سرحد پر پاکستانی فورسیس کی فائرنگ کے واقعات میں کافی اضافہ ہوا ہے اور اس نے 1971ء کی جنگ کو بھی پیچھے کردیا۔ دوسری طرف پاکستان رینجرس نے فائرنگ کیلئے بی ایس ایف کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے یہ جاننا چاہا کہ وہ پاکستانی ٹھکانوں پر مسلسل فائرنگ کیوں کررہی ہے۔ بتایا جاتا ہیکہ اجلاس میں یہ مسئلہ اٹھائے جانے پر ہندوستانی عہدیداروں نے حیرت کا اظہار کیا ۔