ہندوستانی عازمین کے پہلے قافلے کی مدینہ منورہ آمد

جدہ۔28 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی عازمین حج کا پہلا قافلہ سعودی عرب پہنچ گیا۔ کولکتہ سے 235 عازمین کیلئے ایر اِنڈیا کی پرواز A15001 کل مدینہ منورہ میں پرنس محمد انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچی جہاں ہندوستانی سفیر متعینہ سعودی عرب حامد علی راؤ، قونصل جنرل ہندوستان بی ایس مبارک اور دیگر عہدیداروں نے خیرمقدم کیا۔ سعودی عرب کی وزارت حج اور جنرل اتھاریٹی آف سیول ایویشین اور ایرپورٹ اتھاریٹی کے عہدیدار بھی موجود تھے۔ ہندوستان میں روانگی کے مقام پر ہی تمام عازمین کو سعودی سِم کارڈز فراہم کئے گئے تھے۔ جدہ میں ہندوستانی قونصل خانہ کے مطابق پہلے قافلے کی یہاں آمد کے ساتھ ہی انہیں رہائش گاہ پہنچا دیا گیا۔ ہندوستان سے جاریہ سال 1,36,020 عازمین فریضہ حج ادا کریں گے جن میں 100,020 حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعہ یہ سفر کررہے ہیں۔ سعودی ایرلائینز 49,230 اور ایرانڈیا 50,790 عازمین کیلئے 21 مختلف مقامات سے سفر حج کا انتظام کریگی، مابقی 36,000 عازمین خانگی ٹور آپریٹرس کے ذریعہ حج ادا کریں گے۔