ہندوستانی عازمین فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے وادی منیٰ پہنچ گئے

تمام عازمین بخیر و عافیت ، عبادتوں میں مصروف ، پروفیسر ایس اے شکور کا حج مشن سے ربط
حیدرآباد۔/2اکٹوبر، ( سیاست نیوز) حج کمیٹی کے ذریعہ فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے روانہ ہونے والے تمام عازمین حج آج منیٰ پہونچ چکے ہیں اور تمام بخیر و عافیت عبادتوں میں مصروف ہیں۔ ایام حج کا آج سے آغاز ہوگیا اور ہندوستانی عازمین حج کی منٰی منتقلی کا کل رات سے آغاز ہوا۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے انتظامات کے سلسلہ میں حج مشن کے کونسل حج نور محمد اور دیگر عہدیداروں سے بات چیت کی۔ انہوں نے عازمین حج کے ساتھ روانہ کئے گئے حج کمیٹی کے ملازمین اور خادم الحجاج سے بھی ربط قائم کرتے ہوئے معلومات حاصل کی۔ انڈین حج مشن کی اطلاع کے مطابق کل رات سے ہی ہندوستانی عازمین کی منٰی منتقلی کے عمل کا آغاز ہوا اور صبح تک یہ عمل مکمل کرلیا گیا۔ عازمین حج کی مقررہ وقت پر منٰی منتقلی اور ٹریفک سے بچنے کیلئے کل رات سے ہی انہیں منیٰ لیجایا گیا۔ اسپیشل آفیسر نے بتایا کہ منٰی میں معلم کی جانب سے ناشتہ اور پھر دوپہر کے کھانے کا انتظام کیا گیا اور عازمین اپنے مقررہ خیموں میں عبادتوں میں مصروف ہیں۔ عازمین حج کو آج رات سے عرفات منتقل کیا جائے گا اور صبح تک تمام کی منتقلی مکمل ہوجائے گی۔ وقوف عرفات حج کا اہم رکن ہے اور جمعہ کی شام تک عازمین حج وہاں قیام کریں گے۔ عصر و مغرب کا درمیانی وقت دعاؤں کا وقت ہے اور مغرب سے قبل عازمین مزدلفہ کیلئے روانہ ہوجائیں گے جہاں وہ مغرب اور عشاء کی ادائیگی کے بعد رات بھر عبادتوں میں مصروف رہیں گے۔ انڈین حج مشن نے ریاستی حج کمیٹی کو اطلاع دی کہ تمام ہندوستانی عازمین خیریت سے ہیں تاہم ڈاکٹروں کی ٹیموں کو منٰی ، عرفات اور مزدلفہ میں متعین کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں طبی امداد فراہم کرسکیں۔ آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے کئی عازمین حج نے بھی فون پر پروفیسر ایس اے شکور کو انتظامات سے واقف کرایا اور اطمینان کا اظہار کیا۔ انڈین حج مشن اور متعلقہ معلم کی جانب سے عازمین کیلئے تمام سہولتوں کا خیال رکھا گیا ہے۔ ہفتہ کو رمی جمار کا پہلا دن ہوگا اور حجاج کرام منٰی میں اپنے خیموں میں واپس ہوجائیں گے۔ دو دن رمی جمار کے فریضہ کی ادائیگی کے بعد ایام حج کی تکمیل ہوجائے گی اور وہ منٰی سے رخصت ہوں گے۔ ایسے حجاج کرام جنہوں نے تیسرے دن رمی جمار نہیں کیا انہیں چوتھے دن اس کی تکمیل کے بعد منٰی سے روانہ ہونا پڑے گا۔