جدہ ۔20 اگست (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کو اس سال ہندوستان سے زائد از 136,000 عازمین حج پہنچ رہے ہیں جنہیں کئی ہائی ٹیک سہولتوں سے فائدہ ہوگا جن میں گوگل میاپس شامل ہیں، جن سے کسی بھی پریشانی یا خلل کے بغیر مناسک حج کی تکمیل میں سہولت ملے گی۔ ہندوستانی حج مشن کے بموجب اصل مقصد یہ ہیکہ ہر دستیاب وسیلہ اور ٹیکنالوجی کے آلہ کو بروئے کار لاتے ہوئے مناسک حج کی تکمیل کو کسی بھی خامی سے پاک رکھا جائے۔ ہندوستانی قونصل جنرل بی ایس مبارک کے حوالہ سے عرب نیوز نے کہا کہ ہم نئے دور کی ٹیکنالوجی کی ہر شکل کو استعمال کرتے ہوئے جن میں گوگل میاپس سے لیکر اسمارٹ فون کے اپلیکیشنس نیز فیس بک، یوٹیوب کلپس اور پیامات شامل ہیں، ہمارے عازمین کے سفر کو ممکنہ حد تک آرام دہ بنائیں۔
مبارک نے کہا کہ ایک بڑا مسئلہ جو دوران حج ہندوستانی عازمین کو درپیش ہوتا ہے وہ ان کا اپنے راستہ سے بھٹک جانا اور اپنی قیامگاہ کو ڈھونڈنے سے قاصر ہونا ہے، بالخصوص خیموں کے شہر منیٰ میں ایسا ہوتا ہے جہاں سب سے زیادہ مناسک حج انجام دیئے جاتے ہیں۔ انٹرنیٹ پر مبنی اور استعمال کنندہ کیلئے آسان تر اسمارٹ فون اپیلیکشنس کو بروئے کار لاتے ہوئے جو اینڈرائیڈ اور ایپل دونوں آپریٹنگ سسٹمس پر کارکرد رہے گا، اس مسئلہ کی یکسوئی کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ’’انڈین حاجی اکاموڈیشن لوکیٹر‘‘ کے نام سے ایک اپیلیکشن شروع کیا گیا ہے، جس میں ہندوستانی پرچم کے رنگوں کی عکاسی کرتے ہوئے ایک نمایاں علامت ظاہر کی گئی ہے۔
جب یہ اپلیکیشن ڈاؤن لوڈ کرلیا جائے تو بس آپ کو کوئی بھی عازم حج کے کوور نمبر یا پاسپورٹ نمبر استعمال کرتے ہوئے اپنے مقام رہائش کا پتہ چلایا جاسکتا ہے، اس کے علاوہ اس اپلیکیشن کے ذریعہ یہ بھی معلوم کیا جاسکتا ہیکہ آپ آیا مکہ میں ہیں یا منیٰ یا پھر مدینہ۔ قونصل جنرل نے بتایا کہ ہندوستان سے آنے والے ہر عازم حج کو ایک سعودی سیل فون سم کارڈ فراہم کیا جارہا ہے جو وہ یہاں پہنچنے پر چالو کرسکتے ہیں۔ اس سال کے 136,020 عازمین حج کے منجملہ 100,020 عازمین حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعہ پہنچ رہے ہیں، جبکہ بقیہ کو پرائیویٹ ٹور آپریٹرس کی جانب سے لایا جارہا ہے۔ اولین ہندوستانی حج فلائیٹ کولکتہ سے 27 اگست کو مدینہ پہنچے گی جبکہ جدہ میں پہلی فلائیٹ مہاراشٹرا کے اورنگ آباد سے 7 ستمبر کو آئے گی۔
ہندوستانی عازمین حج کیلئے عصری ٹکنالوجی سے استفادہ
گوگل میاپس، اسمارٹ فون اپلیکیشنس، یوٹیوب کلپس کا استعمال ہوگا : قونصل جنرل بی ایس مبارک