ہیوسٹن ۔ 30 ۔ اگست : ( سیاست ڈاٹ کام ) ہیوسٹن کے پولیس سربراہ آرٹ اسویڈو نے بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اپنی ڈیوٹی انجام دینے والا ایک 60 سالہ پولیس اہلکار غرقاب ہوگیا ۔ کافی تگ و دو کے بعد اس کی نعش ملی ۔ مسٹر اسویڈو نے انتہائی رنجیدہ لہجہ میں یہ بات ایک پریس کانفرنس کے دوران بتائی ۔ کل جن اموات کی توثیق کی گئی ان میں آٹھ افراد ہیریس کاؤنٹی میں ہلاک ہوئے ہیں جس میں ہیوسٹن بھی شامل ہے جب کہ مجموعی طور پر اب تک 3500 افراد کو بچایا گیا ہے ۔ دریائے بریزوز بھی طغیانی پر ہے جس کے بارے میں کل نیشنل ویدھر سرویس نے بتایا کہ دریا کی سطح میں 59 فٹ کا اضافہ ہوا ہے ۔ 6200 افراد مختلف شیلٹرس میں پناہ لیے ہوئے ہیں ۔ جنہیں ان کے مکانات سے تخلیہ کروا کر وہاں رکھا گیا ہے ۔ اب اگر متاثرہ ہندوستانی طلباء کی بات کی جائے تو یہ بتانا بھی ضروری ہوگیا ہے کہ ایک 29 سالہ ہندوستانی طالب علم کی موت واقع ہوگئی ہے ۔ ٹیکساس میں پانی کی سطح میں زبردست اضافہ والی ایک جھیل میں مذکورہ ہندوستانی طالب علم تیراکی کے دوران غرقاب ہوگیا تھا لیکن اسے اس کی گرل فرینڈ شالنی کیساتھ بچالیا گیا تھا اور وہ ہاسپٹل میں زیر علاج تھا لیکن آج وہ جانبر نہ ہوسکا ۔ طالب علم کی شناخت نکھل بھاٹیہ کی حیثیت سے ہوئی ہے جو ہندوستان کے شہر جے پور کا ساکن تھا ۔ ان کے دیگر دوستوں اور عینی شاہدین نے بتایا کہ نکھل اور شالنی جھیل میں تیر رہے تھے کہ اچانک پانی کے ایک زبردست ریلے نے انہیں جھیل کے اندر کافی گہرائی تک ڈھکیل دیا ۔ ان کے دوستوں نے جب محسوس کیا کہ وہ لوگ مصیبت میں ہیں تو انہوں نے قریبی پولیس اسٹیشن کو مطلع کیا ۔