ہندوستانی صحافیوں کی ہلاکت پر انٹونیوگوٹیرس کا اظہار ِتشویش

اقوام متحدہ۔ 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس نے آج ہندوستان میں دو صحافیوں کی اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے ہلاکتوں کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ بات صرف ہندوستان کی نہیں بلکہ عالمی سطح پر جہاں جہاں بھی صحافیوں کے خلاف تشدد برپا کیا جائے گا، ہم اس کی مخالفت اور مذمت کرتے رہیں گے۔ سیکریٹری جنرل کے نائب فرحان حق نے روزانہ کی پریس بریفنگ کے دوران اخباری نمائندوں کو یہ بات بتائی۔ فرحان حق نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے یہ بات کہی جہاں ان سے پوچھا گیا تھا کہ ہندوستان میں حالیہ دنوں میں دو صحافیوں کی ہلاکت پر اقوام متحدہ کا کیا ردعمل ہے۔ یاد رہے کہ مدھیہ پردیش کے بھنڈ ڈسٹرکٹ میں ایک مقامی ٹیلی ویژن چیانل سے وابستہ 35 سالہ سندیپ شرما جو ایک رپورٹر تھے، کو ایک ٹرک نے روند ڈالا تھا۔ شرما نے ایک اسٹنگ آپریشن کے دوران ریت مافیا کے بارے میں سنسنی خیز انکشافات کئے تھے اور بعدازاں شکایت کی تھی کہ انہیں جان کا خطرہ ہے۔ بہار کے نوین نشچل جو ایک ہندی روزنامہ سے وابستہ تھے، اس وقت ہلاک ہوگئے جب ایک کار نے بھوجپور ڈسٹرکٹ میں ان کی موٹر سائیکل کو ٹکر دے دی۔ موٹر سائیکل پر ان کے ساتھ ایک دیگر شخص بھی سوار تھے۔ نوین نشچل کے ارکان خاندان نے شکایت درج کروائی تھی کہ نوین کی موت دراصل قتل ہے جس کے پس پشت ایک گاؤں کا سابق سرپنچ مبینہ طور پر ملوث ہے۔ دریں اثناء واشنگٹن ڈی سے تعلق رکھنے والے سی پی جے ایشیا پروگرام کوآرڈینیٹر اسٹوین بٹلر نے کہا کہ حکام کو سندیپ شرما کی ہلاکت کی مناسب تحقیقات کرنی چاہئے کہ آیا اسے اس کی رپورٹنگ کی بنیاد پر نشانہ بنایا گیا۔