ہندوستانی شہری کی ٹویٹر پر درخواست پروزیر خارجہ سرگرم

نئی دہلی2جون(سیاست ڈاٹ کام ) سابق وزیر خارجہ سشما سوراج کے نقش قدم پر چلتے ہوئے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے بیرون ملک میں پھنسے ایک ہندوستانی شہری کے ٹویٹ کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے اس کی فوراً مدد کی۔ وزارت خارجہ کی ذمہ داری سنبھالنے کے ایک دن بعد (یکم جون) سے مسٹر جے شنکر نے محترمہ سوراج کی طرح ٹویٹر کے ذریعے کی جانے والی درخواست پرمعلقہ ایمبیسی کو فوراً عمل درآمد کا حکم دیا۔ کولکاتا کے مانک چٹوپادھیائے نے سعودی عرب میں پھنسے ہونے کے بارے میں ٹویٹ کرکے مدد مانگی تھی جس کے بعد مسٹر جے شنکر نے اسے سنجیدگی سے لیا۔ ان کی کوشش سے ریاض میں واقع ہندوستانی ایمبیسی نے مسٹر چٹوپادھیائے کو مدد پہنچائی۔ بعد ازاں مسٹر جے شنکر نے ٹویٹ کرکے ہندوستانی ایمبیسی کے فوراً سرگرم ہونے اور کولکاتا کے چٹوپادھیائے کو مدد پہنچانے کی تعریف کی۔ قابل ذکر ہے کہ مسٹر چٹوپادھیائے کی درخواست کو مسٹر جے شنکر کے سنجیدگی سے لینے کے بعد ریاض میں ہندوستانی مشن کے ڈپٹی چیف ڈاکٹر سہیل اعجاز خان نے متاثرہ کا فون نمبر مانگا۔ ڈاکٹر خان نے ٹویٹ کرکے مسٹر چٹوپادھیائے سے کہا،‘ مہربانی کرکے ہمیں اپنا فون نمبر دیجیے ۔ ہمارے افسران آپ سے بات کریں گے ۔ آپ فکر نہ کیجیے ، ایمبیسی آپ کی خدمت کے لیے موجود ہے ’۔ محترمہ سوراج نے ٹویٹر کے ذریعے کی جانے والی درخواست یا شکایت پر سنجیدگی سے کاروائی کرنے کی شروعات کی تھی۔ اسی نقش قدم پر مسٹر جے شنکر نے چلنا شروع کر دیا ہے ۔