ہندوستانی شہری کو ابوظہبی میں 10 ملین درہم کا جیک پاٹ

دبئی ۔ /3 جون (سیاست ڈاٹ کام) متحدہ عرب امارات میں ایک ہندوستانی نے ابوظہبی میں منعقدہ ریفل میں 10 ملین درہم (زائد از 18,22,25,00 کروڑ روپئے ) کا جیک پاٹ جیت لیا ۔ ڈکسن کٹیتھارا ابراعام جو نائجیریا میں رہتا ہے ابوظہبی میں یہ بڑا لاٹری ٹکٹ خریدا تھا ۔ خلیج ٹائمس میں شائع شدہ رپورٹ کے مطابق ایک کروڑ درہم (تقریباً 27,22,450 امریکی ڈالر) کے جیک پاٹ کا صبح ابوظہبی انٹرنیشنل ایرپورٹ کے ایرائیول ہال ( مسافرین کی آمد کے ہال) میں اعلان کیا گیا ۔ یہ لاٹری جیتنے والے دیگر 9 افراد میں بھی 5 ہندوستانی ، 3 پاکستانی اور متحدہ عرب امارات کا مقامی شہری شامل ہے ۔ ’بک ٹکٹ ابوظہبی ‘ ابوظہبی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر اٹھائی جانے والی لاٹری ایک طویل عرصہ سے عوام میں انتہائی مقبول ہے ۔ اپریل کے دوران دبئی میں ایک ہندوستانی ڈرائیور کو 1.2 کروڑ درہم کا سب سے بڑا رقمی انعام حاصل ہوا تھا ۔ گزشتہ سال اکٹوبر کے دوران ابوظہبی میں منعقدہ میگاریفل ڈرا میں فی کس ایک کروڑ درہم پانے والے 10 خوش نصیب افراد میں 8 ہندوستانی ہی تھے ۔