ہندوستانی شرائط پر مذاکرات سے پاکستان کا انکار

اسلام آباد۔15جون ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان نے آج زبانی تکرار جاری رکھتے ہوئے کہا کہ وہ ہندوستان سے اس کی شرائط پر مذاکرات نہیں کرے گا اور اگر بات چیت کے موضوعات میں کشمیر اور آبی مسائل شامل نہ کئے جائیں تو ایسی صورت میں بھی بات چیت ناممکن ہوگی ۔ وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے خارجہ اُمور سرتاج عزیز نے کہا کہ اُن کا ملک ’’پاکستان دشمن ‘‘ بیانات کا مسئلہ بھی اٹھائے گا جو ہندوستانی قائدین نے دیئے ہیں ۔ اس سلسلہ میں معتمد عمومی اقوام متحدہ بانکی مون سے شکایت کی جائے گی۔ سرتاج عزیز7ممالک کے اعلیٰ تعلیم کمیشنوں کے سربراہوں کے دسویں اجلاس میں افتتاحی خطبہ دینے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔سخت لب و لہجہ کے بعد مفاہمت کا انداز اختیار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم ہندوستان کے ساتھ کشیدگی سے پاک تعلقات کے خواہاں ہیں ۔