واشنگٹن۔ 12 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی وزیر کامرس ولبر روز نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ موصوف ماہ فروری میں ہندوستان کا دورہ کریں گے جہاں وہ دونوں ممالک کے درمیان دو رخی بات چیت اپنے ہندوستانی ہم منصب سریش پربھو کے ساتھ کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ٹرمپ انتظامیہ آئندہ سال ایک اہم تجارتی مشن بھی ہندوستان روانہ کرے گا۔ امریکہ میں ہندوستان کے سفیر نوتیج سنگھ سرنا کی الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں یہ اعلان کرتے ہوئے مسرت ہورہی ہے کہ وہ آئندہ سال فرروری میں ہندوستان کا دورہ کررہے ہیں جہاں وہ یو ایس انڈیا کمرشیل ,ڈائیلا گ اور یو ایس ۔ انڈیا سی ای او فورم میں اپنے ہندوستانی ہم منصب سریش پربھو کے ساتھ اہم موضوعات پر بات چیت کریں گے۔ نوتیج سنگھ سرنا کی آئندہ کچھ دنوں میں میعاد اختتام پذیر ہورہی ہے اور ان کے لئے ایک الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں تقریباً 200 مہمانوں نے بشمول ٹرمپ انتظامیہ کے اعلیٰ سطحی عہدیداروں، سفارت کاروں، معزز ہندوستانی نژاد امریکی شہریوں اور اعلیٰ سطحی کارپوریٹ ایگزیکٹیوز نے شرکت کی۔