کنہاچٹی (جھارکھنڈ)۔ 17 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج چین کو ہندوستانی سرزمین پر سڑکیں تعمیر کرنے کے خلاف انتباہ دیا جبکہ حکومت ہند اپنے پڑوسیوں کے ساتھ خوشگوار تعلقات برقرار رکھنا چاہتی ہے۔ اس سوال پر کہ اگر چین ہندوستانی سرزمین پر سڑکوں کی تعمیر جاری رکھے تو کیا کیا جائے گا۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ہماری فوج کے پاس ایسی تعمیرات منہدم کرنے کے سوائے کوئی اور متبادل دستیاب نہیں رہے گا۔ چین کو چاہئے کہ ہندوستانی سرزمین پر دراندازی اور یہاں سڑکوں کی تعمیر کا سلسلہ ترک کردے۔ ہم چین کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتے ہیں اور چین کو بھی ہمارے جذبات کا احترام کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی دور اقتدار میں ہندوستان مزید طاقتور بن کر ابھر رہا ہے۔ یہ چین کو ایک درپردہ دھمکی تھی۔