ہندوستانی خواتین میں خودکشی کا بڑھتا رجحان تشویشناک!

نئی دہلی ، 13 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان سال 2016ء میں خواتین میں عالمی سطح پر خودکشی کے معاملے میں 37 فیصد حصہ رکھتا ہے جو مردوں کے معاملے میں 24 فیصد پایا گیا، ایک تازہ جائزے میں یہ بات معلوم ہوئی۔ گلوبل برڈن آف ڈزیز اسٹیڈی 1990-2016ء جو لانسٹ پبلک ہیلت جرنل میں شائع ہوئی، اس میں کہا گیا کہ ہندوستان میں جن تمام خودکشیوں کا ریکارڈ ہے ان میں سے 63 فیصد 15-39 سال کی عمر کے زمرے سے تعلق رکھتے ہیں۔ اس عمر کے گروپ میں خودکشی کے معاملے میں انڈیا کا رینک فرسٹ ہے ورنہ مجموعی طور پر وہ عالمی سطح پر تیسرے رینک کا حامل ہے۔ 1990ء اور 2016ء کے درمیان خودکشی والی اموات کی تعداد میں 40 فیصد اضافہ نوٹ کیا گیا جس میں لگ بھگ 2,30,314 اموات 2016ء میں پیش آئیں، جس سے اشارہ ملتا ہے کہ ہندوستان میں خودکشی کے ذریعہ موت کا غیرمتناسب ہونا صحت عامہ کا بحران ظاہر کرتا ہے۔ کرناٹک، ٹاملناڈو، آندھراپردیش، تلنگانہ، ویسٹ بنگال اور تریپورہ میں مرد اور خواتین دونوں کی خودکشی شرحیں اونچی ریکارڈ ہوئی ہیں۔ کیرالا اور چھتیس گڑھ میں مردوں نے زیادہ خودکشی کی ہے۔