ہندوستانی تکثیریت کا تحفظ کرنے قرارداد منظور

جمہوری، سوشلسٹ اور سکیولر کردار کو بچانے راجیہ سبھا میں متفقہ عزم
نئی دہلی ، یکم ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) راجیہ سبھا نے آج متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کرتے ہوئے ہندوستان کی تکثیریت اور اس کے جمہوری، سوشلسٹ اور سکیولر کردار کا تحفظ کرنے کا عزم کیا جبکہ مبینہ عدم رواداری پر بڑھتے تنازعہ کے پس منظر میں دستور پر سہ روزہ مباحث کے بعد یہ منظوری ہوئی۔ یہ قرارداد جسے صدرنشین حامد انصاری نے پڑھ کر سنائی، اسے ارکان کی جانب سے میزوں کی تھپتھپاہٹ کے ساتھ منظور کیا گیا۔ بی آر امبیڈکر کے 125 ویں یوم پیدائش پر جشن کے تحت دستور کے تئیں عہد پر مباحث منعقد کئے گئے۔ یہ قرارداد مباحث پر وزیراعظم نریندر مودی کے جواب کے بعد منظور کی گئی، جس میں کہا گیا: ’’ہم اراکین ایوان (راجیہ سبھا) اس قرارداد کے ذریعے دستور کے اصولوں اور نظریات پر ہمارے عہد کی ازسرنو توثیق کرتے ہیں اور عزم کرتے ہیں کہ ہمارے ملک کے اقتدار اعلیٰ، اتحاد، اس کی تکثیریت اور سالمیت اور اس کے جمہوری، سوشلسٹ اور سکیولر کردار کا تحفظ کرتے رہیں گے۔‘‘