دبئی۔ 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) دبئی کے ایک ہندوستانی تاجر نے عہد کیا ہے کہ 10 لاکھ امریکی ڈالر (38 لاکھ درہم )امارات کی جیلوں میں قید افراد بشمول ہندوستانیوں کی رہائی کیلئے خرچ کریں گے جنہیں واجبات کی عدم ادائیگی کی بناء پر قید کردیا گیا ہے۔ فیروز مرچنٹ بانی و صدرنشین پیور گولڈ جیولرس نے اجبان سنٹرل جیل سے 132 قیدیوں کی رہائی کیلئے دیڑھ لاکھ درہم جاری کردیئے ہیں۔ جن قیدیوں کا تعلق ہندوستان، انڈونیشیا، فلیپائن، اُزبیکستان، پاکستان، بنگلہ دیش، سری لنکا، نیپال، حبش، شام، یمن، عمان اور گھانا سے ہوگا۔ ان کی رہائی کیلئے اس فنڈ سے جو اسی مقصد کیلئے قائم کیا گیا ہے، رقم جاری کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 2016ء چیلنج بھرا سال ثابت ہوا، کیونکہ متحدہ عرب امارات میں برسر کار کئی افراد اپنے قرض ادا نہ کرنے کے جرم میں قید کردیئے گئے۔ مرچنٹ نے کہا کہ قیدیوں کی رہائی کے بعد ان کی وطن واپسی کیلئے فضائی سفر کا کرایہ اور 100 درہم فی کس ان کو اسی فنڈ سے ادا کئے جائیں گے۔ بیشتر قیدیوں نے کہا کہ اپنے آبائی وطن واپس پہونچنے پر انہیں اپنے دیہاتوں تک سفر کے لئے رقم کی ضرورت ہوگی۔ اس کی وجہ سے انہیں یہ معمولی سی نقد رقم ان کے سفر کے آخری مرحلے کی تکمیل کیلئے دی جارہی ہے۔