ہندوستانی برادری ’’عظیم سرمایہ‘‘،دنیا تعاون میں اضافہ کی خواہاں

گاندھی نگر۔8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی برادری اس ملک کے لئے ’’عظیم سرمایہ‘‘ ہے، جسے اچھی طرح فروغ دینے کی ضرورت ہے، وزیراعظم نریندر مودی نے آج یہ بات کہی جبکہ انہوں نے ہندوستان کو بدلنے میں اس سے تعاون کی خواہش کی جہاں مواقع ان کے منتظر ہیں۔ تارکین وطن تک پیام پہنچانے کی کوشش کرتے ہوئے وزیراعظم نے یاددلایا کہ کس طرح ہمارے آبا و اجداد نے نئے مواقع کی تلاش میں ہندوستانی ساحل کو چھوڑکر بیرونی ملکوں میں قدم جمائے لیکن اب ملک کافی ترقی کرتے ہوئے آگے بڑھ چکا ہے جہاں عظیم مواقع ان کے منتظر ہیں۔ مودی نے مہاتما مندر میں مہاتما گاندھی کی جنوبی افریقہ سے وطن کو واپسی کی صدسالہ یاد کے موقع پر 13 ویں پرواسی بھارتیہ دیوس کا آج باقاعدہ افتتاح کرنے کے بعد کہا کہ میرا نقطہ نظر یہی ہے کہ ہندوستانی برادری عالمی تناظر میں ہمارے لئے عظیم سرمایہ ہے۔ جتنا زیادہ ہم اسے پھلنے پھولنے کا موقع دیں گے، عالمی سطح پر ہماری موجودگی اتنی ہی طاقتور ہوگی۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج دنیا ہندوستان کے ساتھ بڑھ چڑھ کر مشغول ہونا چاہتی ہے۔ مائیکرو سافٹ کے سی ای او ستیہ نارائنا ناڈیلا اور گیانا کے صدر ڈونالڈ رابندر ناتھ رام اوتار اُن 15 نمایاں این آر آئیز میں شامل ہیں جنہیں مختلف شعبوں میں اپنا حصہ ادا کرنے پر پرواسی بھارتیہ دیوس کنونشن کے آخری دن کل پرواسی بھارتیہ سمّان ایوارڈس عطا کئے جائیں گے۔ نائب صدرجمہوریہ محمد حامد انصاری مہاتما مندر گاندھی نگر میں یہ ایوارڈس پیش کریں گے۔

وزارتِ خارجہ کے بیان کے بموجب مالا مہتا کو ہندی زبان کے فروغ میں اپنا حصہ ادا کرنے کیلئے ایوارڈ دیا جائے گا۔ انہوں نے ہند۔ آسٹریلیا بال بھارتیہ ودیالیہ سڈنی کے مضافات تھارنلی میں قائم کیا تھا۔ اس وقت سے وہ آسٹریلیا میں ہندی کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں۔ صدر گیانا ڈونالڈ رابندر ناتھ رام اوتار کو گیانا میں ہندوستانی برادری کیلئے کام کرنے کی بناء پر ایوارڈ دیا جائے گا۔ ہندوستانی نژاد میکسیکو کے سائنس داں راجہ رام سنجے گیہوں کی 480 اقسام پیدا کرنے اور 51 ممالک میں ان کی فصل اُگانے کیلئے ’’2014ء ورلڈ فوڈ پرائز‘‘ حاصل کریں گے۔ نیوزی لینڈ کے رکن پارلیمنٹ کنول جیت سنگھ بخشی ہندوستانی برادری کیلئے اپنی خدمات کیلئے شہرت رکھتے ہیں۔ یوگنڈا میں مقیم مہندر مانجی مہتا ہندوستانی نژاد تاجر اور ناتھو رام پوری پوری کو گروپ سے وابستہ پروفیسر ہیں اور ہندوستانی برادری کیلئے اپنی خدمات کیلئے شہرت رکھتے ہیں۔ لارڈ راج لمبا برطانیہ کے دارالعمراء کے رکن ہیں جو اعزاز حاصل کریں گے۔ علاوہ ازیں کملیش لولا اور نندی ٹنڈن بھی ایوارڈس حاصل کریں گے۔