ہندوستانی بحریہ کی خواتیناسٹاف پر مشتمل جہاز آسٹریلیا روانہ

ملبورن ۔ 5 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی بحریہ کا ایک جہاز جو مکمل طور پر خواتین عملہ پرمشتمل ہیں دنیا کے اطراف جہاز رانی کی مہم پر آج ساحلی شہر فری مینٹل ( آسٹریلیا) پہنچاجہاں سے وہ نیوزی لینڈ روانہ ہوگا ۔ ہندوستانی بحریہ کے اس جہاز کا عملہ 6 خواتین پر مشتمل ہیں جس کی قیادت لیفٹننٹ کمانڈر ورٹیکا جوشی کررہی ہیں ۔ اس بحری جہاز کے سفر کا آغاز 10ستمبر کو گوا سے ہوا تھا اور اس کی دنیا کے اطراف بحری سفر کی مہم 8ماہ میں مکمل ہوگی ۔ ہندوستانی بحریہ کا یہ جہاز آئی این ایس وی ترینی اپنے پہلے بحری سفر پر 10ستمبر کو گوا سے روانہ ہوا تھا ۔ آسٹریلیا سے یہ نیوزی لینڈ کے ساحلی شہر لٹل ٹن پہنچے گا ۔ ہندوستانی بحریہ کے ترجمان کیپٹن وی کے شرما نے کہا کہ 23 اکٹوبر کو یہ بحری جہاز آسٹریلیا کی بندرگاہ فری مینٹل پہنچا تھا ۔ یہ اس کی پہلی منزل تھی اور ارکان عملہ کا مغربی آسٹریلیا میں محکمہ سیاحت اور محکمہ دفاع کی جانب سے پُرجوش استقبال کیا گیا ۔ کثیر ثقافتی مفادات کے وزیر پال پاپالیا اور وزیر داخلہ سائمون میرک گرد یکم نومبر کو انہیں آسٹریلیا کی شہرت عطا کریں گے ۔ مغربی آسٹریلیا کے ارکان پارلیمنٹ میڈلن کنگ اور ڈاکٹر این ایلی نے بحری جہاز کا دورہ کیا ۔ آسٹریلیا کی شاہی بحریہ کے صدر وائس ایڈمیرل ٹم بیرٹ نے بھی یکم نومبر کو بحری جہاز کا دورہ کر کے ارکان عملہ کا استقبال کیا ۔ وائس ایڈمیرل بیرٹ نے ایک شخصی پیغام ارکان عملہ کے حوالے کیا جو آسٹریلیا کے وزیر دفاع میرس پن نے دیا تھا ۔ ارکان عملہ فری مینٹل میں قیام کے دوران کئی تقریبات میں شرکت کریں گے ۔ وہ گورنر مغربی آسٹریلیا کیری سینڈرسن اور ڈپٹی میئر فری مینٹل انگریڈ والٹہم اور صدر مغربی آسٹریلیا مقننہ کونسل کیٹ ڈوسٹ سے بھی ملاقاتیں کریں گے ۔ ان کے اعزاز میں عشائیہ بھی ترتیب دیا جائے گا ۔