ہندوستانی بحریہ نے 33 بنگلہ دیشی شہریوں کو بچایا

نئی دہلی،31 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی بحریہ نے بنگلہ دیش کے جہاں کل سمندری طوفان مورا نے زبردست تباہی مچائی ہے ، 33 بنگلہ دیشی شہریوں کو بچالیا ہے ۔وزارت خارجہ کے ترجمان گوپال باگلے نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی بحریہ نے بنگلہ دیش کے 33 شہریوں کو بچالیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آئی این ایس سمترا کی تلاش اور بچاؤ مہم ابھی جاری ہے اور زندہ بچ جانے والوں کو تلاش کیا جارہا ہے ۔مسٹر باگلے کے مطابق جن 33 شہریوں کو بچایا گیا ہے ان میں بچے ، خواتین اور بزرگ شامل ہیں۔ کل بنگلہ دیش میں آئے سمندری طوفان مورا نے پڑوسی ملک میں املاک کو زبردست نقصان پہنچایا اور ساحلی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو اپنا گھر چھوڑ کر محفوظ مقام پر جانے کے لیے مجبور ہونا پڑا۔
خام تیل کی بین الاقوامی قیمت میں تخفیف
نئی دہلی31مئی(سیاست ڈاٹ کام) پٹرولیم اور قدرتی گیس کی وزارت کے ادارے پٹرولیم پلاننگ اینڈ اینالیسس سیل (پی پی اے سی) کے ذریعے تیار؍ شائع کیے جانے والے اعداد وشمار کے مطابق 30 مئی 2017 کو ہندوستان میں خام تیل کی بین الاقوامی قیمت50.46 امریکی ڈالر فی بیرل رہی جبکہ 29 مئی 2017 کو یہ قیمت 50.63 امریکی ڈالر فی بیرل رہی تھی۔ہندوستانی روپئے میں بھی خام تیل کی بین الاقوامی قیمت میں کمی درج ہوئی ہے ۔ 30 مئی 2017 کو ہندوستانی روپئے میں خام تیل کی بین الاقوامی قیمت کم ہوکر 3261.56 روپئے فی بیرل ہوگئی جو پچھلے کاروباری روز 29 مئی 2017 کو اس سے قدرے زیادہ یعنی 3268.80 روپئے فی بیرل تھی۔دوسری طرف امریکی ڈالر کی قیمت کے مقابلے ہندوستانی روپئے کی مالیت میں کمزوری آئی ہے ۔