ہندوستانی ادویہ ساز کمپنیاں معیاری ، یوکرین کے وفد کا تاثر

اندیشے غلط ثابت ، یوکرین کے ارکان پارلیمنٹ و صحافیوں کا دورہ حیدرآباد
حیدرآباد 2 ڈسمبر (سیاست نیوز) ہندوستانی ادویہ سازی کمپنیاں معیاری ہیں، اس بات کا جائزہ لینے کے لئے یوکرین کا ایک وفد ہندوستان کا دورہ کررہا ہے جوکہ دو یوم کے لئے شہر حیدرآباد میں ہے۔ اس وفد میں یوکرین ارکان پارلیمان کے علاوہ صحافی اور تاجر شامل ہیں۔ نمائندہ سیاست سے وفد کے ارکان نے آج گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دورۂ ہندوستان کا مقصد یوکرین میں ہندوستانی ادویہ ساز کمپنیوں کو حاصل مواقع سے واقف کروانا اور ہندوستانی ادویہ ساز کمپنیوں کے معیار کا جائزہ لینا ہے۔ عموماً یوکرین میں یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ ہندوستانی ادویہ ساز کمپنیاں غیر معیاری ادویہ تیار کرتی ہیں لیکن دورہ ہندوستان کے دوران ادویہ ساز کمپنیوں کا معائنہ کرنے کے بعد یہ بات بڑی حد تک غلط ثابت ہورہی ہے۔ وفد میں شامل مسٹر گوردیو آندرے، مسٹر زولبیسکی اولسکندر، مسٹر یارنچ کونستاتین، مسٹر کہلان سرجی، مسٹر اشیکین کونسٹانٹن، اوشوسکی اولیگ، مسٹر لیچانکو غنا کے علاوہ ڈاکٹر یو پی آر مینن صدر انڈین فارماسیوٹیکل مینوفیکچررس اسوسی ایشن یوکرین شامل تھے۔ انھوں نے بات چیت کے دوران بتایا کہ حیدرآباد میں وفد نے اربندو فارما اور ڈاکٹر ریڈی لیاب کا معائنہ کیا۔ علاوہ ازیں دہلی اور دیگر ریاستوں کا بھی وفد کے ارکان دورہ کرتے ہوئے ادویہ ساز کمپنیوں کا معائنہ کررہے ہیں۔