ہندوستانیوں کا عراق سے تخلیہ مرکز کیلئے بہت بڑا چیلنج چیف منسٹر جموں و کشمیر عمر عبداللہ کا بیان

سرینگر 19 جون (سیاست ڈاٹ کام) عراق میں پھنسے ہوئے ہندوستانیوں کے تخلیہ کو مرکزی حکومت کے لئے بہت بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے چیف منسٹر جموں و کشمیر عمر عبداللہ نے آج کہاکہ اُنھیں اُمید ہے کہ مرکز پھنسے ہوئے ہندوستانیوں کو عراق سے وطن واپس لانے کے لئے ہرممکن کوشش کرے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ عراق کی صورتحال کا فوری اثر کئی افراد پر ہوا ہے جو وہاں برسرکار ہیں۔ اُن کا محفوظ تخلیہ موجودہ مرکزی حکومت کے لئے بہت بڑا چیلنج ہے۔ اُنھوں نے اُمید ظاہر کی کہ مرکزی حکومت اُنھیں بحفاظت وطن واپس لائے گی۔ عمر عبداللہ نے کہاکہ عراق کی صورتحال سے تیل کی قیمتیں بھی متاثر ہوسکتی ہیں اور ہندوستان میں افراط زر میں اضافہ بھی ہوسکتا ہے۔ مرکزی حکومت نے کل کہا تھا کہ 40 ہندوستانی تعمیراتی کارکنوں کو موصل سے اغواء کرلیا گیا ہے۔